وادی کشمیر: ترال میں تصادم، انصار غزوۃ الہند کے سربراہ سمیت دو جنگجو ہلاک

جموں و کشمیر پولیس نے جنوبی ضلع پلوامہ کے نوبگ ترال میں ایک مسلح تصادم کے دوران انصار غزوۃ الہند کے سربراہ سمیت دو جنگجوؤں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے

کشمیر میں تصادم کی فائل تصویر / یو این آئی
کشمیر میں تصادم کی فائل تصویر / یو این آئی
user

یو این آئی

سری نگر: جموں و کشمیر پولیس نے جنوبی ضلع پلوامہ کے نوبگ ترال میں ایک مسلح تصادم کے دوران انصار غزوۃ الہند کے سربراہ سمیت دو جنگجوؤں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

کشمیر زون پولیس کے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر ایک ٹوئٹ میں کہا گیا: 'ترال انکوائنٹر اپڈیٹ، ترال انکوائنٹر میں انصار غزوۃ الہند کے چیف امتیاز شاہ کو ہلاک کیا گیا ہے۔ آئی جی پی کشمیر نے پولیس اور سکیورٹی فورسز کو اس کامیابی پر مبارکباد پیش کی ہے۔ علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ مزید تفصیلات شیئر کی جائیں گی'۔

قبل ازیں پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ترال کے نوبگ میں جمعرات اور جمعے کی درمیانی رات کو ہونے والے ایک مسلح تصادم کے دوران دو جنگجوؤں کو ہلاک کیا گیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا: 'مہلوک جنگجوئوں کی شناخت معلوم کی جا رہی ہے نیز علاقے میں آپریشن جاری ہے'۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ترال کے نوبگ میں جنگجووں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر جموں و کشمیر پولیس اور دیگر سکیورٹی فورسز نے جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب مذکورہ علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔


انہوں نے بتایا کہ ایک مشتبہ جگہ کی جانب پیش قدمی کے دوران وہاں موجود جنگجووں نے سکیورٹی فورسز پر فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے درمیان باضابطہ طور تصادم شروع ہوا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ آخری اطلاعات ملنے تک مسلح تصادم میں دو جنگجو مارے جا چکے ہیں جن کی لاشیں برآمد کی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ یہ جنوبی کشمیر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سکیورٹی فورسز اور جنگجووں کے درمیان تصادم کا دوسرا واقعہ تھا۔ قبل ازیں قصبہ شوپیاں میں جمعرات کی شام کو سکیورٹی فورسز نے ایک تصادم کے دوران تین جنگجووں کو ہلاک کیا۔ قصبہ شوپیاں میں ہونے والے تصادم میں دو فوجی اہلکار زخمی ہوئے ہیں جنہیں خصوصی علاج و معالجہ کے لئے سری نگر کے فوجی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔