کشمیر: کورونا میں مبتلا مزید دو مریضوں کی موت، اموات کی تعداد 26 ہوئی

وادی کشمیر میں کورونا وائرس میں مبتلا مزید دو مریضوں کی موت واقع ہوئی ہے جس کے ساتھ جموں وکشمیر میں اس عالمی وبا سے متعلق اموات کی تعداد بڑھ کر 26 تک پہنچ چکی ہے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

سری نگر: وادی کشمیر میں کورونا وائرس میں مبتلا مزید دو مریضوں کی موت واقع ہوئی ہے جس کے ساتھ جموں وکشمیر میں اس عالمی وبا سے متعلق اموات کی تعداد بڑھ کر 26 تک پہنچ چکی ہے۔ 26 میں سے 23 اموات صوبہ کشمیر جبکہ دیگر تین صوبہ جموں میں رپورٹ ہوئی ہیں۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جنوبی ضلع اننت ناگ کے سرنل اور دارالحکومت سری نگر کے فتح کدل سے تعلق رکھنے والے دو کورونا مریضوں کی بالترتیب گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ اور سی ڈی اسپتال سری نگر میں موت واقع ہوئی ہے۔


مقامی خبر رساں ایجنسی جی این ایس نے جی ایم سی اننت ناگ کے پرنسپل ڈائریکٹر شوکت گیلانی کے حوالے سے کہا ہے کہ ضلع اننت ناگ کے سرنل سے تعلق رکھنے والے 70 سالہ مریض، جو نمونیا میں مبتلا تھا، کو رواں ماہ کی 25 تاریخ کو اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ مریض منگل کو انتقال کرگیا جبکہ اس کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

ایجنسی نے سری نگر میں تعینات کووڈ-19 کے نوڈل افسر ڈاکٹر سلیم خان کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ ضلع سری نگر کے فتح کدل سے تعلق رکھنے والے ایک 55 سالہ شخص کی یہاں سی ڈی اسپتال میں دل کا دورہ پڑنے سے موت واقع ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ مریض کو گزشتہ ہفتے کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ایس ایم ایچ ایس اسپتال سے سی ڈی اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔


جموں وکشمیر میں اب تک کورونا وائرس کے مریضوں کی جو 26 اموات رپورٹ ہوئی ہیں، ان میں سے سب سے زیادہ ضلع سری نگر میں سات، اننت ناگ میں پانچ، بارہمولہ اور کولگام اضلاع میں چار چار، بڈگام اور جموں اضلاع میں دو دو اور بانڈی پورہ و ادھم پور اضلاع میں ایک ایک موت رپورٹ ہوئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔