کشمیر: کورونا وائرس سے تین مریضوں کی موت، کل تعداد 104 ہوئی

ڈاکٹر سلیم ٹاک نے بتایا کہ متوفین کئی عارضوں میں مبتلا تھے۔ قبل ازیں سری نگر کے عید گاہ سے تعلق رکھنے والی کورونا سے متاثر ایک 50 سالہ خاتون کی سکمز میں موت واقع ہوگئی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

سری نگر: وادی کشمیر میں کورونا سے متاثر مزید تین مریضوں کی موت واقع ہونے کے ساتھ جموں و کشمیر میں اس وائرس سے انتقال کرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 104 ہو گئی ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے بجبہاڑہ اور شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے سوپور سے تعلق رکھنے والے کورونا سے متاثر دو مریضوں، جن کی عمر 70 برس سے زیادہ تھی، کو ایک ہی دن 24 جون کو سری نگر کے ڈل گیٹ علاقے میں واقع اسپتال برائے امراض سینہ میں داخل کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں مریضوں کی منگل اور بدھ کی درمیانی رات کے دوران موت واقع ہوئی۔

اسپتال برائے امراض سینہ سری نگر کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر سلیم ٹاک نے ان اموات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اننت ناگ کے بجبہاڑہ کی نیو کالونی علاقے سے تعلق رکھنے والے 75 سالہ مریض کی موت بدھ کی علی الصبح واقع ہوئی جبکہ سوپور کے 80 سالہ مریض کی موت منگل کی رات دیر گئے واقع ہوئی تھی۔انہوں نے بتایا کہ متوفین نمونیا، سانس لینے میں تکلیف ہونے کے علاوہ کئی عارضوں میں مبتلا تھے۔ قبل ازیں سری نگر کے عید گاہ سے تعلق رکھنے والی کورونا سے متاثر ایک پچاس سالہ خاتون کی شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (سکمز) صورہ میں موت واقع ہوئی۔


مقامی خبر رساں ایجنسی کے این او نے سکمز میں تعینات نوڈل افسر ڈاکٹر جی ایچ ایتو کے حوالے سے کہا ہے کہ انتقال کر جانے والی خاتون کو 19 جون کو اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ تاہم متعدد دیگر بیماریوں بشمول ہائپر ٹینشن اور نمونیا میں مبتلا اس خاتون کی بدھ کی صبح یہاں موت واقع ہوئی۔ ان تین اموات کے ساتھ جموں و کشمیر میں اب تک کورونا سے متعلق اموات کی تعداد بڑھ کر 104 ہوگئی ہے جن میں سے 92 کا تعلق کشمیر سے ہے جبکہ 12 صوبہ جموں سے تعلق رکھتے ہیں۔

وادی کشمیر میں ضلع سری نگر میں اب تک کورونا سے متعلق سب سے زیادہ 25 اموات درج ہوئی ہیں اور دوسرے نمبر پر ضلع بارہمولہ ہے جہاں اب تک 17 افراد کی اس وائرس میں مبتلا ہو کر موت واقع ہوئی ہے۔ ضلع کولگام میں 13، شوپیاں میں 12، اننت ناگ میں, 8 بڈگام میں 7، کپوارہ میں 5، پلوامہ میں 4 اور بانڈی پورہ میں ایک مریض کورونا میں مبتلا ہوکر داعی اجل کو لبیک کہہ گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */