کشمیر: کورونا میں مبتلا کمسن بچے اور معمر شخص کی موت، اموات کی کل تعداد 75 ہوئی

ضلع سری نگر کے بمنہ علاقے سے تعلق رکھنے والا کورونا میں مبتلا 15 روز کا بچہ جموں و کشمیر میں اس وائرس میں مبتلا ہو کر از جاں بحق ہونے والوں میں سب سے کم عمر ہے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

سری نگر: وادی کشمیر میں ایک کمسن بچے اورعمر رسیدہ شخص کی کورونا سے موت واقع ہونے کے ساتھ جموں و کشمیر میں اس وائرس سے متعلق اموات کی تعداد بڑھ کر 75 ہوگئی ہے۔ واضح رہے کہ ضلع سری نگر کے بمنہ علاقے سے تعلق رکھنے والا کورونا میں مبتلا 15 روز کا بچہ جموں و کشمیر میں اس وائرس میں مبتلا ہو کر از جاں بحق ہونے والوں میں سب سے کم عمر ہے۔

شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ سری نگر کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر فاروق جان نے بتایا کہ بمنہ سری نگر سے تعلق رکھنے والے بچے کی جمعہ کی صبح قریب گیارہ بجے یہاں موت واقع ہوئی۔انہوں نے کہا کہ دل کی بیماری میں مبتلا میں اس بچے کا 16 جون کو ٹیسٹ لیا گیا تھا جو اگلے روز مثبت آیا تھا۔


قبل ازیں شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے سوپور علاقے سے تعلق رکھنے والے کورونا میں مبتلا ایک 80 سالہ مریض کی سکمز میں ہی جمعہ کی صبح قریب نو بجے موت واقع ہوئی تھی۔ موصوف میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے بتایا کہ متوفی معمر شخص، جو مختلف عارضوں میں مبتلا تھا، کو 17 جون کو ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا اور اس کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا اور جمعہ کی صبح قریب نو بجے اس کی حرکت قلب بند ہونے سے موت واقع ہوئی۔

کمسن اور معمر کورونا مریضوں کی موت کے ساتھ جموں وکشمیر میں اس وائرس سے متعلق اموات کی تعداد بڑھ کر 75 ہوگئی ہے جن میں سے 66 کا تعلق کشمیر سے ہے جبکہ نو جموں کے رہنے والے ہیں۔ وادی کشمیر میں ضلع سری نگر میں اب تک کورونا سے متعلق سب سے زیاد 18 اموات درج ہوئی ہیں اور دوسرے نمبر پر ضلع بارہمولہ ہے جہاں اب تک 13 افراد کی اس وائرس میں مبتلا ہو کر موت واقع ہوئی ہے۔


ضلع شوپیاں میں نو، کولگام میں آٹھ، ،اننت ناگ میں چھ، کپوارہ میں پانچ، بڈگام میں تین، پلوامہ میں دو اور بانڈی پورہ میں ایک مریض کورونا میں مبتلا ہوکر داعی اجل کو لبیک کہہ گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔