کشمیر: مارچ کے مہینے میں اب تک 5 افراد ٹارگیٹ کلنگ کا شکار

پولیس چیف دلباغ سنگھ نے گزشتہ دنوں ہی جموں میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران بتایا کہ وادی کشمیر میں ٹارگیٹ کلنگ کے خطرے سے نمٹنے کی خاطر اقدامات اُٹھائے جا رہے ہیں۔

قتل، علامتی تصویر یو این آئی
قتل، علامتی تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

سری نگر: وادی کشمیر میں رواں ماہ کے دوران ٹارگیٹ کلنگ کے پانچ واقعات رونما ہوئے جن میں ایک سی آر پی ایف اہلکار، دو سرپنچ ، عام شہری اور ایس پی او اور اُس کا بھائی شامل ہیں۔ ذرائع نے اعدادوشمار ظاہر کرتے ہوئے بتایا کہ 21 مارچ کے روز گوٹی پورہ بڈگام میں مشتبہ ملی ٹنٹوں نے عام شہری پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں اُس کی موقع پر ہی موت واقع ہوئی، جبکہ اسی شام کو گانگو پلوامہ میں غیر مقامی ترکھان کو بھی نشانہ بنایا گیا تاہم اُس کی حالت اب اسپتال میں قدرے مستحکم ہے۔

ذرائع نے کہا کہ 19مارچ کے روز شوپیاں اور ترال میں سیکورٹی فورسز پر گرینیڈ حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں تین اہلکار زخمی ہوئے، اسی شام آری ہل پلوامہ میں اور ایک غیر مقامی مزدور پر فائرنگ کی گئی تاہم وہ زخمی ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ 12مارچ کے دن چھوٹی پورہ شوپیاں میں رخصت پر گھر آئے سی آر پی ایف اہلکار کو ابدی نیند سلا دیا گیا۔


ذرائع نے بتایا کہ 11مارچ کی شام کو کولگام کے آڈورہ علاقے میں سرپنچ شبیر احمد میر ولد محمد عبدﷲ میر پر اپنے گھر کے نزدیک گولیاں چلائیں گئیں جس وجہ سے اُس کی اسپتال میں موت واقع ہوگئی۔ انہوں نے کہا کہ 9مارچ کو سری نگر کے مضافاتی علاقے کھنموہ میں پی ڈی پی سر پرنچ سمیر احمد بٹ کے رہائشی مکان میں گھس کر مشتبہ ملی ٹنٹوں نے فائرنگ کی جس دوران سرپنچ موقع پر ہی از جان ہوا۔

بتادیں کہ 26 مارچ شام ساڑھے آٹھ بجے کے قریب بڈگام کے چڈ بوگ سوئیہ بوگ علاقے میں مشتبہ ملی ٹنٹ رہائشی مکان میں زبردستی داخل ہوئے اور ایس پی اور اور اُس کے بھائی پر فائرنگ کی جس کی وجہ سے دونوں کی موت واقع ہوگئی۔ واضح رہے کہ پولیس چیف دلباغ سنگھ نے گزشتہ دنوں ہی جموں میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران بتایا کہ وادی کشمیر میں ٹارگیٹ کلنگ کے خطرے سے نمٹنے کی خاطر اقدامات اُٹھائے جا رہے ہیں۔


انہوں نے بتایا کہ وادی میں سرگرم ملی ٹینٹوں اور ان کے مدد گاروں کے خلاف سیکورٹی ایجنسیوں نے بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کیا ہے جس کے زمینی سطح پر مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔ یہ بات بھی توجہ طلب ہے کہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے حالیہ دورے کے دوران ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں سرگرم ملی ٹینٹوں کے خلاف آپریشنز میں شدت لانے کے احکامات صادر کئے تھے۔ انہوں نے میٹنگ کے دوران پولیس و دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کے آفیسران پر زور دیا کہ ٹارگیٹ کلنگ کی روک تھام کی خاطر زمینی سطح پر اقدامات اُٹھانے کی ضرورت ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔