کشمیر: لوگوں کی آنے لگی جان میں جان، موسم مسلسل خوشگوار

محکمہ موسمیات کے ترجمان کے مطابق گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 0.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

سری نگر: وادی کشمیر میں موسم مسلسل خوشگوار ہے جس سے لوگوں کی جان میں جان آنے لگی ہے۔ محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی کشمیر میں 20 فروری تک موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وادی کے شبانہ اور دن کے درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ درج ہوگا۔

موصوف ترجمان کے مطابق گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 0.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ بتادیں کہ سری نگر میں 31 جنوری کی شب رواں سیزن کی سرد ترین رات درج ہوئی تھی جب کم سے کم درجہ حرارت منفی 8.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا جس سے سردیوں کا تیس سالہ پرانا ریکارڈ ٹوٹ گیا تھا۔


قبل ازیں سری نگر میں رواں سیزن کے دوران 14 جنوری کو سرد ترین رات درج ہوئی تھی جب کم سے کم درجہ حرارت منفی 8.4 ڈگری ریکارڈ ہوا تھا اور سردیوں کا پچیس سالہ پرانا ریکارڈ ٹوٹ گیا تھا۔ وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3.0 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.8 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ قاضی گنڈ میں منفی 3.2 ڈگری سینٹی گریڈ اور ککرناگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 0.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔ دریں اثنا وادی میں اتوار کے روز بھی موسم خوشگوار رہا اور دن بھر خوش کن دھوپ کھلی رہی جس سے لوگوں کو دکانوں کے تھڑوں، پارکوں اور دیگر جگہوں پر لطف اندوز ہوتے ہوئے دیکھا گیا۔ سری نگر میں لگنے والے مشہور سنڈے مارکیٹ میں بھی لوگوں کا بھاری رش دیکھا گیا اور لوگوں کو مختلف چیزوں بالخصوص کپڑوں کی خرید و فروخت میں مصرف دیکھا گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔