کشمیر: پائین شہر میں جزوی ہڑتال، سڑکوں پر معمول کے مطابق ٹریفک کی نقل وحمل جاری

شہر کے سیول لائنز علاقوں بشمول لالچوک، بڈشاہ چوک، ایم اے روڑ اور ریگل چوک میں تمام تر تجارتی سرگرمیاں حسب معمول جاری تھیں اور سڑکوں پر ٹرانسپورٹ کی نقل و حمل حسب معمول جاری و ساری تھی۔

علامتی، تصویر آئی اے این ایس
علامتی، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

سری نگر: سری نگر کے پائین شہر میں سیکورٹی فورسز کی تعیناتی کے بیچ ہفتے کے روز اہم تجارتی مراکز بند رہے، تاہم سڑکوں پر معمول کے مطابق ٹریفک کی نقل وحمل جاری رہی، جبکہ سیول لائنزکے سبھی تجارتی مراکز میں معمول کے مطابق کام کاج جاری رہا۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق میر واعظ مولوی محمد فاروق کی برسی کے موقع پر ہفتے کے روز پائین شہر میں کاروباری ادارے ٹھپ رہنے سے معمولات زندگی درہم برہم ہو کررہ گئی، تاہم سڑکوں پر ٹرانسپورٹ کی نقل وحمل جاری رہی۔

شہر کے سیول لائنز علاقوں بشمول لالچوک، بڈشاہ چوک، ایم اے روڑ اور ریگل چوک میں تمام تر تجارتی سرگرمیاں حسب معمول جاری تھیں اور سڑکوں پر ٹرانسپورٹ کی نقل و حمل حسب معمول جاری و ساری تھی۔ پائین شہر کے بیشتر علاقوں بشمول جامع مسجد، نوہٹہ، گوجوارہ، راجوری کدل، صراف کدل، معروف تجارتی منڈی مہاراج گنج میں دکانیں اور دیگر تجارتی سرگرمیاں معطل رہیں تاہم ٹرانسپورٹ شاہراوں پر رواں دواں تھا۔


یو این آئی اردو کے ایک نمائندے نے ہفتے کو سری نگر کے مختلف علاقوں کا دورہ کر کے بتایا کہ گرمائی دارلحکومت کے پائین شہر کے سبھی بازار بند ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ عید گاہ سری نگر میں بھاری سیکورٹی فورسز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی، تاہم اس دوران لوگوں کے چلنے پھرنے پر کوئی پابندی عائد نہیں تھی۔

مئی 21 کے پیش نظر شہر کے سیول لائنز اور پائین علاقوں میں سیکورٹی بندوبست کو سخت کیا گیا تھا اور شہر کے حساس علاقوں میں جگہ جگہ سیکورٹی فورسز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی تھی۔ پائین شہر میں جزوی ہڑتال کے بیچ سیکورٹی فورسز کو پیٹرولنگ کرتے ہوئے دیکھا گیا جس دوران راہگیروں کے شناختی کارڈ باریک بینی سے چیک کئے جا رہے تھے۔ شہر خاص میں اگرچہ اہم تجارتی مراکز بند رہے، تاہم سیول لائنز کے لگ بھگ سبھی علاقوں میں دکانیں کھلی تھیں اور ٹرانسپورٹ بھی حسب معمول جاری تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔