کشمیر: مطلع ابر آلود رہنے سے سردی کی شدت میں قدرے کمی واقع

محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کی پیش گوئی کے مطابق وادی میں رواں ماہ کے آخر تک موسم مجموعی طور خشک رہنے کا امکان ہے تاہم 25 نومبر کو موسم خراب ہونے کی توقع ہے۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

سری نگر: وادی کشمیر میں مطلع ابر آلود رہنے سے شبانہ درجہ حرارت میں قدرے بہتری واقع ہوئی ہے جس سے سردی کی شدت میں کمی محسوس کی گئی۔ ادھر محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کی پیش گوئی کے مطابق وادی میں رواں ماہ کے آخر تک موسم مجموعی طور خشک رہنے کا امکان ہے تاہم 25 نومبر کو موسم خراب ہونے کی توقع ہے۔

گرمائی دارلحکومت سری نگر میں شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے اوپر درج کیا گیا جہاں کم سے کم درجہ حرارت 0.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ سری نگر میں گزشتہ شب رواں سیزن کی سرد ترین رات درج ہوئی تھی جب کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔


وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت 0.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گزشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 3.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جہاں گزشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 4.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی0.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گزشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 3.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 0.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گزشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔


لداخ یونین ٹریٹڑی کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی7.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ضلع کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی5.8 ڈگری سینٹی گریڈ اور قصبہ دراس میں کم سے کم درجہ حرارت منفی8.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ دریں اثنا وادی میں بدھ کے روز بھی موسم خشک مگر ابر آلود رہا۔ سردی سے بچنے کے لئے لوگ گرم لباس زیب تن کرنے کے علاوہ دفاتر، دکانوں اور کام کی دوسری جگہوں پر گرمی کرنے کے لئے الیکٹرانک آلات جیسے ہیٹروں کا استعمال کر رہے ہیں۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔