کریم الحق کے مشوروں پر عمل کر ہندوستانی فوج بچائے گی زخمی فوجیوں کی جان

ڈی آر ڈی او کے تکنیکی ڈائریکٹر دیواکر راؤ نے کریم الحق سے ملاقات کرکے دو دہائی سے ’ایمبولنس بائیک‘ کے ذریعہ غریب مریضوں کو اسپتال پہنچا کر جان بچانے سے متعلق ان کے تجربات کی جانکاری حاصل کی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

’ایمبولنس دادا‘ کے نام سے مشہور پدم شری کریم الحق نے گزشتہ دو دہائیوں میں ہزاروں بیمار اور زخمی مریضوں کو اسپتال پہنچا کر ان کی جان بچائی ہے اور ان کے اسی عمل نے انھیں پورے ملک میں ’ہیرو‘ کا درجہ عطا کیا ہے۔ مغربی بنگال کے جلپائی گوڑی باشندہ کریم الحق کے ذریعہ مشکل راستوں سے گزر کر مریضوں کی جان بچانے کے طریقے سے ہندوستانی فوج اس قدر متاثر ہوئی ہے کہ اس نے انھیں اپنے پاس بلایا اور صلاح و مشورہ کیا تاکہ زخمی فوجیوں کو بھی جنگل اور مشکل راستوں سے بحفاظت اور بلاتاخیر اسپتال پہنچا کر ان کی جان بچائی جا سکے۔

کریم الحق نے دور دراز علاقوں سے زخمی فوجیوں کو ایمبولنس کے انتظار کے بغیر اسپتال پہنچانے سے متعلق مشورے وزارت دفاع کو دیے ہیں اور ہندوستان کی مسلح فوج نے ان کے طور طریقوں کا بغور جائزہ لینا بھی شروع کر دیا ہے۔ دراصل جلپائی گوڑی کے ایک چائے باغان میں کام کرنے والے 53 سالہ کریم الحق نے اپنی ’ایمبولنس بائیک‘ کے ذریعہ بے شمار غریبوں کی زندگی بچائی ہے اور جب سابق صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی نے انھیں پدم شری سے نوازا تو وہ پورے ملک میں مشہور ہو گئے۔

العربیہ (انگریزی) نیوز ویب سائٹ نے اس سلسلے میں کریم الحق سے بات چیت کی، جس میں انھوں نے بتایا کہ ڈی آر ڈی او کے تکنیکی ڈائریکٹر گزشتہ دنوں مال بازار میں ان کے گھر آئے اور ان سے کئی سوال پوچھے۔ انھوں نے بتایا کہ ’’دیواکر صاحب نے میرے اندر کسی وی آئی پی کو محسوس کیا حالانکہ میرے پاس انھیں بتانے کے لیے بہت کم چیزیں تھیں۔ میں نے سرحدی علاقوں میں ایمرجنسی کی حالت میں حیات بخش آکسیجن سیلنڈر اور نمکین بوتلوں کے ساتھ فٹنگ بائیک کے استعمال کا مشورہ دیا ہے۔ میں نے یہ بھی دہرایا کہ دو پہیہ پر زندگی اور موت کے درمیان فرق قائم کیا جا سکتا ہے کیونکہ وہ مناسب سڑکوں کی غیر موجودگی میں چار پہیہ ایمبولنس یا گاڑیوں کے مقابلے بہت زیادہ کارآمد ثابت ہوتے ہیں۔‘‘

دیواکر راؤ نے کریم الحق سے ملاقات کر کے ان کے پرانے تجربات اور مریضوں کو اسپتال تک پہنچانے میں پیش آنے والے مسائل سے متعلق تفصیلی جانکاری حاصل کی اور ان سے جنگلی پٹریوں، جنگلوں اور سیلاب والے علاقوں میں تیز رفتاری کے ساتھ منزل تک پہنچنے کے رازوں کو جاننے کی کوشش کی۔ اب دیکھنے والی بات یہ ہے کہ کریم الحق کے مشوروں پر ہندوستانی فوج عمل کرنا کب شروع کرتی ہے اور اس کا کتنا فائدہ پہنچتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔