’یوپی میں کانوڑ یاترا پر مکمل روک نہیں لگائی گئی!‘ یوگی حکومت کا سپریم کورٹ میں حلف نامہ

کورونا بحران کے درمیان کانوڑ یاترا کے حوالہ سے تذبذب کی صورت حال برقرار ہے، اس مسئلہ پر یوپی حکومت کی جانب سے جمعہ کے روز سپریم کورٹ میں ایک حلف نامہ داخل کیا ہے

کانوڑ یاترا، علامتی تصویر / ٹوئٹر
کانوڑ یاترا، علامتی تصویر / ٹوئٹر
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: کورونا بحران کے درمیان کانوڑ یاترا کے حوالہ سے تذبذب کی صورت حال برقرار ہے، اس مسئلہ پر یوپی حکومت کی جانب سے جمعہ کے روز سپریم کورٹ میں ایک حلف نامہ داخل کیا ہے۔ حلف نامہ کے توسط سے یوپی حکومت نے کہا ہے کہ ریاست میں کانوڑ یاترا پر پوری طرح روک نہیں ہے۔ اس معاملہ پر آج ہی سپریم کورٹ میں سماعت ہونی ہے۔

سپریم کورٹ میں داخل کئے گئے حلف نامہ میں یوپی حکومت نے کہا کہ کانوڑ یاترا علامتی طور پر پوری کی جائے گی اور حکومت اس کے حوالہ سے رہنما خطوط جاری کر سکتی ہے۔ وہیں، مرکزی حکومت کی جانب سے اطلاع دی گئی ہے کہ ریاستی حکومت کو پروٹوکول کے تحت مناسب فیصلہ لینا چاہیئے۔ مرکزی حکومت کی جانب سے تمام رہنما ہدایات پہلے ہی جاری کی جا چکی ہیں۔


خیال رہے کہ کورونا بحران کے پیش نظر اس بار اتراکھنڈ حکومت نے کانوڑ یاترا پر روک لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ تاہم، اتر پردیش حکومت کی طرف سے اس پر روک نہیں لگائی گئی ہے۔ ایسی صورتحال میں اس معاملے میں سپریم کورٹ کی جانب سے از خود نوٹس لیا گیا تھا۔

ادھر، ماہرین مسلسل انتباہ دے رہے ہیں کہ کورونا کی تیسری لہر کسی بھی وقت دستک دے سکتی ہے۔ بالائی علاقوں میں بڑھتی ہوئی بھیڑ پر بھی عدالت نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ایسی صورتحال میں کانوڑ یاترا کے حوالے سے متعدد سوالات اٹھائے جا رہے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔