’بیف کھانے والے مسلمان کا جیتنا افسوس ناک‘، بی جے پی جنرل سکریٹری کا شرمناک بیان

بھوپال سے کانگریس رکن اسمبلی عارف مسعود نے کہا، ’’مجھے کیلاش وجے ورگیہ کے بیان پر افسوس ہے، میں ان سے معافی مانگنے کو تو نہیں کہوں گا لیکن انہیں اپنے الفاظ واپس لے لینے چاہئیں۔‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

بھوپال: بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری کیلاش وجے ورگیہ کا نہایت ہی شرمناک بیان منظر عام پر آیا ہے۔ کیلاش وجے ورگیہ نے بھوپال سے انتخاب جیتنے والے مسلم رکن اسمبلی عارف مسعود کو بیف کھانے والا قرار دیا اور کہا کہ ان کے سامنے بی جے پی امیدوار کے ہار جانے کا انہیں بہت افسوس ہے۔

بی جے پی کے جنرل سکریٹری اور مغربی بنگال کے انچارج کیلاش وجے ورگیہ مقامی بی جے پی کے دفتر میں بھوپال لوک سبھا حلقہ انتخاب میں پارٹی کارکنان کے ساتھ میٹنگ میں شامل ہوئے۔ اس دوران انہوں نے کہا کہ مدھیہ پریش میں حال ہی میں ہوئے انتخابات میں بھوپال مدھیہ اسمبلی سیٹ سے بی جے پی کے سابق رکن اسمبلی اور امیدوار سریندر ناتھ سنگھ کی ہار ان کے لئے شرم کی بات ہے۔

کیلاش وجے ورگیہ نے کہا، ’’سب سے زیادہ دُکھ سریندر ناتھ سنگھ کے ہارنے پر ہوا ہے اور حیرانی ہوتی ہے کہ گئو کشی کو روکنے والے چناؤ ہار گئے اور ایک بیف کھانے والا شخص آپ کے سامنے جیت گیا۔ یہ ہمارے سب کے لئے شرم کی بات ہے۔‘‘

اس حوالہ سے بھوپال مدھیہ سے کانگریس کے رکن اسمبلی عارف مسعود نے رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا، ’’مجھے وجے ورگیہ کے بیان پر افسوس ہے۔ وہ بی جے پی کے سینئر رہنما ہیں اور قومی جنرل سکریٹری بھی ہیں۔ میں ان سے معافی مانگنے کو تو نہیں کہوں گا لیکن انہیں اپنے الفاظ واپس لینا چاہئیں۔‘‘

مسعود نے کہا، ’’وجے ورگیہ بتائیں کہ انہوں نے کب مجھے بیف کھاتے ہوئے دیکھا؟ انہوں نے میرے یہاں دوپہر یا رات کا کھانا کھایا ہے۔ جہاں تک میری یادداشت ہے، میں نے زندگی میں کبھی بیف نہیں کھایا۔‘‘

کانگریس رکن اسمبلی نے کہا، ’’ان کا بیان میرے حلقہ انتخاب کے رائے دہندگان کی بے عزتی ہے۔ میرے حلقہ میں 60 فیصد رائے دہندگان ہندو ہیں۔ میں اپنے حلقہ کے تمام ووٹروں کی حمایت سے کامیاب ہوا ہوں، جبکہ بی جے پی نے صرف اور صرف تقسیم کاری پر توجہ دی۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔