جھارکھنڈ: مقابلہ جاتی امتحانات کی تیاری کرنے والے طلبا کے لیے ’سارتھی‘ منصوبہ کا اعلان

وزیر اعلیٰ سورین نے کہا کہ اب معاشی مسائل کی وجہ سے طلبا کی تیاریاں رخنہ انداز نہیں ہوں گی، ملک کے مشہور اداروں میں پیسے کی کمی کے سبب کسی طلبا کی پڑھائی نہ رکے، اس کے لیے ہم خاص منصوبہ لا رہے ہیں۔

وزیر اعلیٰ سورین، تصویر یو این آئی
وزیر اعلیٰ سورین، تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے آزادی کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر آج رانچی واقع مورہابادی میدان میں پرچم کشائی کی۔ اس دوران انھوں نے ریاست کے نوجوانوں کو مقابلہ جاتی امتحانات کی تیاری کے لیے مفت کوچنگ اور حوصلہ افزائی بھتہ دینے کے لیے وزیر اعلیٰ سارتھی منصوبہ لانے کا اعلان کیا۔

پرچم کشائی کے بعد موجود عوام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سورین نے کہا کہ ہماری حکومت نوجوانوں کے روزگار اور عزت نفس کو توجہ میں رکھتے ہوئے اہم قدم اٹھا رہی ہے۔ انھوں نے وزیر اعلیٰ سارتھی منصوبہ آئندہ 15 نومبر سے نافذ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس کا مقصد نوجوانوں کو مقابلہ جاتی امتحانات کے لیے اہل بنانا ہے۔ معاشی مسائل کی وجہ سے ان کی تیاریاں اب رخنہ انداز نہیں ہوں گی۔ انھوں نے مزید کہا کہ ملک کے مشہور اداروں میں پیسے کی کمی کے سبب طلبا کی پڑھائی نہ رکے، اس کے لیے ہم ’گروجی-اسٹوڈنٹ کریڈٹ کارڈ‘ منصوبہ لے کر آ رہے ہیں۔


وزیر اعلیٰ نے وعدہ کیا کہ آئندہ چھ ماہ کے اندر ریاست کے سرکاری اسکولوں میں اساتذہ اور تجربہ گاہ کے معاونین کے 37 ہزار عہدوں پر تقرریاں کی جائیں گی۔ اعلیٰ تعلیم کو بہتر اور آسان بنانے کے لیے جھارکھنڈ اوپن یونیورسٹی اور پنڈت رگھوناتھ مرمو قبائلی یونیورسٹی میں 2716 عہدوں پر جے پی ایس سی کے ذریعہ بحالی کی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ نے روزگار میں مقامی نوجوانوں کو ترجیح دینے کا عزم دہراتے ہوئے کہا کہ پرائیویٹ سیکٹرس میں بھی 40 ہزار تک کی تنخواہ والے عہدوں میں 75 فیصد عہدے مقامی لوگوں کے لیے محفوظ ہوں گے۔ اس کے لیے حکومت نے ’جھارکھنڈ ریاست کے پرائیویٹ سیکٹر میں مقامی امیدواروں کی تقرری ایکٹ 2021‘ تشکیل دی ہے۔

سرکاری ملازمین کے لیے پرانی پنشن بحال کرنے کا وعدہ دہراتے ہوئے وزیر اعلیٰ سورین نے کہا کہ اس سلسلے میں کابینہ سے تجویز بھی پاس ہو چکی ہے۔ ایس او پی بنانے کا عمل آگے بڑھ رہا ہے اور جلد ہی اسے مکمل طور پر نافذ کر دیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ معدنیاتی وسائل سے بھرے اور امکانات سے پُر ہماری ریاست میں ترقی کو رفتار دینے کے لیے نئی پالیسیاں بنائی گئی ہیں۔ فوڈ پروسیسنگ، قابل تجدید توانائی، لاجسٹکس، معدنیات اور لباس پر مبنی صنعت پر خصوصی طور سے توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ حکومت کے ذریعہ ریاست کو ٹورسٹ ڈیسٹنیشن کی شکل میں قائم کرنے کے لیے نئی سیاحتی پالیسی 2021 نوٹیفائیڈ کی گئی ہے۔ اس میں ریاست میں سیاحتی سیکٹر میں سرمایہ کاری پر مختلف طرح کی حوصلہ افزائی کا التزام ہے۔


زراعتی ترقی اور کسانوں کی خوشحالی کے لیے حکومت کے ذریعہ اٹھائے جا رہے اقدام کا تذکرہ کرتے ہوئے سورین نے کہا کہ زرعی قرض کے بوجھ سے دَبے ریاست کے چھوٹے اور سرحدی کسانوں کو راحت پہنچانے کے لیے سال 2020 سے جھارکھنڈ ریاستی زرعی قرض معافی منصوبہ چلایا جا رہا ہے۔ اس کے تحت اب تک مجموعی طور پر 1529 کروڑ رپوے کی رقم 383102 کسانوں کے اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کی گئی ہے۔ کسانوں کو معاشی مدد فراہم کرنے کے لیے اب تک 4 لاکھ 28 ہزار نئے کے سی سی درخواست منظور کرتے ہوئے 1583 کروڑ کی رقم منظور کی گئی ہے۔ کسانوں کی تربیت کے لیے ’برسا گرامین وکاس یوجنا کم-کرشک پاٹھ شالہ‘ کی شروعات کی گئی ہے۔ حکومت کے ذریعہ کسانوں کو معیاری بیج 50 فیصد گرانٹ پر دستیاب کرایا جا رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔