طلاق ثلاثہ بل پر جے ڈی یو کرے گا راجیہ سبھا میں مودی حکومت کی مخالفت

بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار کی پارٹی جنتا دل (یونائٹیڈ) نے کہا ہے کہ وہ طلاق ثلاثہ معاملے پر راجیہ سبھا میں بی جے پی کی قیادت والی این ڈی اے حکومت کی حمایت نہیں کرے گی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

نتیش کمار کی پارٹی جے ڈی یو نے اعلان کیا ہے کہ وہ مودی کی قیادت والی این ڈی اے حکومت کی طرف سے راجیہ سبھا میں لائے جانے والے طلاق ثلاثہ بل کی مخالفت کرے گی، جے ڈی یو کے سینئر لیڈر اور بہار کے وزیر شیام رجک نے گزشتہ روز جمعرات کو پٹنہ میں کہا، "جے ڈی یو طلاق ثلاثہ کے خلاف ہے اور ہم اس کے خلاف مسلسل کھڑے رہیں گے"۔

انہوں نے کہا کہ طلاق ثلاثہ ایک سماجی مسئلہ ہے اور اسے سماجی سطح پر ہی معاشرے کی طرف سے حل کیا جانا چاہیے، رجک نے کہا کہ جے ڈی یو نے راجیہ سبھا میں طلاق ثلاثہ بل کے خلاف ووٹ دیا تھا، اس سے پہلے بھی نتیش کمار نے عوامی طور پر طلاق ثلاثہ بل کی مخالفت کی تھی۔


طلاق ثلاثہ کے معاملے پر نتیش کمار نے ہفتے کے آغاز میں اپنا رخ دہراتے ہوئے کہا تھا کہ آرٹیکل 370 کو ہٹانے، یکساں سول کوڈ نافذ کرنے اور ایودھیا میں عالی شان رام مندر کی تعمیر کرنے کے معاملے یا تو بات چیت کے ذریعے سلجھائے جائیں یا عدالت کے حکم کے ذریعے۔

نتیش نے کہا تھا کہ "یہ ہمارا خیال ہے کہ آرٹیکل 370 ختم نہیں کیا جانا چاہیے، اسی طرح یکساں سول کوڈ کسی کے اوپر زبردستی نہیں تھوپا جانا چاہیے اور ایودھیا میں رام مندر کا مسئلہ یا تو بات چیت کے ذریعے حل کیا جائے یا عدالتی حکم پر کیا جانا چاہیے"۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔