جموں: ادھم پور میں مکان پر بھاری پتھر گرنے سے حادثہ، ایک ہی کنبے کے 5 افراد ہلاک

جموں وکشمیر کے ضلع ادھم پور کے برمین کھین علاقے میں ایک رہائشی مکان بھاری بھرکم پتھر کی زد میں آنے کے نتیجے میں ایک ہی کنبے کے تین کمسن بچیوں سمیت پانچ افراد از جان ہوئے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

جموں: جموں وکشمیر کے ضلع ادھم پور کے برمین کھین علاقے میں ایک رہائشی مکان بھاری بھرکم پتھر کی زد میں آنے کے نتیجے میں ایک ہی کنبے کے تین کمسن بچیوں سمیت پانچ افراد از جان ہوئے۔ دریں اثنا ضلع مجسٹریٹ ادھم پور ڈاکٹر پیوش سنگلہ نے متاثرہ کے حق میں 20 لاکھ روپے کے ایکس گریشیا ریلیف کا اعلان کیا ہے۔

انہوں نے جائے واردات پر پہنچ کر میڈیا کو بتایا: 'یہ بہت ہی مایوس کن سانحہ ہے جو بلاک گوڑی کے ایک دور دراز علاقے میں پیش آیا ہے جس میں ایک مکان بھاری بھرکم پتھر کی زد میں آنے سے ایک ہی کنبے کے پانچ افراد کی موت واقع ہوئی ہے جبکہ کنبے کا سربراہ زخمی ہوا ہے'۔


انہوں نے کہا کہ رات سے ہی بچاؤ کارروائیاں جاری تھیں اور ایک لاش جو بر آمد نہیں ہوئی تھی، کو جلد از جلد بر آمد کرنے کے لئے کوششیں کی جارہی تھیں۔ موصوف ضلع مجسٹریٹ نے کہا کہ متاثر کو 20 لاکھ روپے ایکس گریشیا ریلیف دیا جائے گا اور زخمی سربراہ کے علاج کا خرچہ بھی ضلع انتظامیہ ہی برداشت کرے گی۔

سرکاری ذرائع کے مطابق ادھم پور کے برمین کھین علاقے میں پیر اور منگل کی درمیانی شب ایک رہائشی مکان بھاری بھر کم پتھر کی زد میں آگیا جس کے نتیجے میں ایک ہی کنبے کے پانچ افراد بر سر موقع ہی ہلاک ہوگئے جبکہ ایک زخمی ہوا۔ مہلوکین میں تین کمسن بچیاں، ایک لڑکا اور ان کی والدہ شامل ہے۔


مہلوکین کی شناخت شاردہ دیوی زوجہ راج سنگھ، آرتی دیوی بنت راج سنگھ، انو دیوی بنت راج سنگھ، سوانی دیوی بنت راج سنگھ اور پون سنگھ ولد راج سنگھ ساکنان برمین کھین کے بطور ہوئی ہے۔ مکان مالک راج سنگھ ولد منشی رام کو زخمی حالت میں ضلع ہسپتال ادھم پور منتقل کیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔