جموں و کشمیر: کورونا میں مبتلا مزید 2 کی موت، اموات کی کل تعداد 38 ہوئی

وادی کشمیرکے ایک عمر رسیدہ شخص اور جموں سے تعلق رکھنے والی ایک معمر خاتون کی کورونا میں مبتلا ہو کر موت واقع ہونے سے جموں و کشمیر یونین ٹیریٹری میں اس وائرس سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 38 ہوگئی ہے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

سری نگر: وادی کشمیرکے ایک عمر رسیدہ شخص اور جموں سے تعلق رکھنے والی ایک معمر خاتون کی کورونا میں مبتلا ہو کر موت واقع ہونے سے جموں و کشمیر یونین ٹریٹری میں اس وائرس سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 38 ہوگئی ہے۔

ہسپتال برائے امراض سینہ سری نگر کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر سلیم ٹاک نے ایک مقامی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں سے تعلق رکھنے والے ایک 72 سالہ شخص کو گذشتہ روز یہاں منتقل کیا گیا تھا جس کی ہفتہ کے روز موت واقع ہوئی۔ قبل ازیں جموں سے تعلق رکھنے والی کورونا میں مبتلا ایک 62 سالہ خاتون کی موت واقع ہوئی تھی۔


گونمنٹ میڈیکل کالج و ہسپتال جموں کے ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر کرتی بھوشن نے بتایا کہ میران صاحب جموں سے تعلق رکھنے والی ایک معمر خاتون کو 24 مئی کو یہاں لایا گیا تھا اور بعد میں اس کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا اور ہفتہ کے روز اس کی موت واقع ہوئی۔

انہوں نے بتایا کہ متوفی خاتون عارضہ قلب کے علاوہ دیگر عارضوں میں بھی مبتلا تھی۔ ادھر ان دو اموات کے ساتھ جموں وکشمیر میں کورونا سے متعلق اموات کی تعداد بڑھ کر 38 ہوگئی ہے جن میں سے 33 کا تعلق کشمیر سے ہے جبکہ 5 جموں صوبے کے ہیں۔

وادی کشمیر میں اب تک کورونا سے متعلق سب سے زیادہ اموات ضلع سری نگر میں ہوئی ہیں جہاں 9 افراد کورونا میں مبتلا ہوکر چل بسے ہیں۔

سری نگر کے بعد دوسرے نمبر پر ضلع بارہمولہ ہے جہاں اب تک سات اموات درج ہوئی ہیں جبکہ اننت ناگ میں پانچ، کولگام اور شوپیاں میں چار چار، بڈگام میں دو اور کپواڑہ اور بانڈی پورہ میں ایک ایک مریض کورونا میں مبتلا ہوکر راہی ملک عدم ہوگیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔