جموں و کشمیر: اسپیشل سکریٹری فائنانس ڈاکٹر شمیم احمد وانی کی بھی کورونا سے موت

54 سالہ ڈاکٹر شمیم احمد وانی کو چند روز قبل جی ایم سی جموں میں داخل کیا گیا تھا جہاں ہفتے کے روز قریب ساڑھے گیارہ بجے دن کورونا سے ان کی موت واقع ہوئی۔

علامتی، تصویر یو این آئی
علامتی، تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

جموں: جموں وکشمیر حکومت کے محکمہ فائنانس کے اسپیشل سکریٹری اور سابق ضلع مجسٹریٹ کولگام ڈاکٹر شمیم احمد وانی گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں میں ہفتے کے روز کورونا سے انتقال کر گئے۔ آپ بیچ 1999 کے کشمیر ایڈمنسٹریٹیو سروس (کے اے ایس) افسر تھے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ 54 سالہ ڈاکٹر شمیم احمد وانی کو چند روز قبل جی ایم سی جموں میں داخل کیا گیا تھا جہاں ہفتے کے روز قریب ساڑھے گیارہ بجے دن کورونا سے ان کی موت واقع ہوگئی۔

سری نگر کے مضافاتی علاقہ پاندچھ سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر شمیم احمد جموں وکشمیر حکومت کے بہترین ماہر اقتصادیات مانے جاتے تھے۔ آپ نے اپنے کیرئر میں زیادہ تر وقت محکمہ فائنانس کی خدمت میں ہی صرف کیا۔ دریں اثنا جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے موصوف افسر کے انتقال پر اظہار دکھ کیا ہے۔ انہوں نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ ’محکمہ فائنانس کے اسیشل سکریٹری کے بطور تعینات سینئر کے اے ایس افسر ڈاکٹر شمیم احمد وانی کے انتقال پر تعزیت پیش کرتا ہوں۔ وہ ایک محنتی افسر تھے جنہوں نے یونین ٹریٹری میں مختلف محکموں میں خدمات انجام دی ہیں‘۔ موصوف افسر کے انتقال سے بیوروکریٹک حلقوں میں مایوسی کی لہر پھیل گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔