سال 2018: جموں و کشمیر نے مختلف کھیلوں میں منوایا لوہا، حاصل کئے 270 تمغے

جموں میں 45 کروڑ مالیت کا بین الاقوامی سطح کا ایک کرکٹ اسٹیڈیم تعمیرہورہا ہے جس پر سال 2018 میں کام شروع ہوا ہے اورمارچ 2019 تک پایہ تکمیل پہنچے گا۔

قومی آواز گرافکس
قومی آواز گرافکس
user

یو این آئی

سرینگر: کھیل کے مختلف میدانوں میں اپنی غیر معمولی صلاحیتوں کا لوہا منواتے ہوئے ریاست جموں و کشمیر کے کھلاڑیوں نےسال 2018 کے دوران قومی وبین الاقوامی سطح پر 270 تمغے حاصل کرکے تاریخ رقم کی۔

یو این آئی کو دستیاب سرکاری اعداد وشمار کے مطابق امسال قومی سطح پر ریاست کے زائد از12 سو کھلاڑیوں نے شرکت کرکے247 تمغے حاصل کئے جن میں سونے کے71، چاندی کے 74 اور کانسی کے 102 تمغے شامل ہیں جبکہ بین الاقوامی سطح پر ریاست نے سونے کے 3 ، چاندی کے 5 اور کانسی کے 15 تمغے حاصل کئے۔

ریاست کے 28 کھلاڑیوں نے کھیل کے متنوع میدانوں جیسے شوٹنگ، چس، سائیکلنگ، ووشو، ٹائیکانڈو، جوڈوغیرہ میں ملک کی نمائیندگی کرتے ہوئےسونے کے 3، چاندی کے5 اور کانسی کے 15 تمغے حاصل کئے۔

جموں کشمیراسٹیٹ اسپورٹس کونسل کے ایک سینئرعہدیدار نے بتایا ’سال 2018 میں ریاست میں قائم مختلف کوچنگ سینٹروں میں45 ہزار کھلاڑیوں کو کھیل کے مختلف میدانوں میں کوچنگ دی گئی‘۔ انہوں نے کہا کہ امسال سرینگر، بانڈی پورہ، بارہمولا، بڈگام ، لیہہ، جموں اور کٹھوعہ میں ریاستی فٹ بال اکیڈمی برائے خواتین کا قیام بھی عمل میں لایا گیا جہاں کھلاڑیوں کو پیشہ ور بنیادوں پر تواتر کے ساتھ کوچنگ کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان اکیڈمیوں میں اب تک 300 کھلاڑی رجسٹر ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ ریاست کے 22 ضلع جات میں لڑکوں کی اکیڈمیاں قائم کی گئیں جن میں 25 سو کھلاڑی کوچنگ کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سرینگر میں قائم ریاستی کرکٹ اکیڈمی میں 5 سو سے زیادہ کھلاڑی زیر تربیت ہیں اور سینئر کھلاڑیوں کو ان کی تربیت پر مامور کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرینگر، گاندربل، بارہمولا، اننت ناگ میں ضلع سطحی کرکٹ اکیڈمیاں قائم کرنے کا عمل بھی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ امسال ریاست کی 12 سو کھلاڑیوں نے کھیل کے مختلف میدانوں جیسے والی بال، رول بال، یوگا، کبڈی، ہینڈ بال، ٹیبل ٹینس، بیڈمنٹن وغیرہ میں حصہ لیا۔

انہوں نے کہا کہ ضلع سطح ماہ ستمبر کے دوران 25 ہزار کھلاڑیوں نے کھیل کے مختلف میدانوں میں حصہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ ماہ رواں کے دوران جموں میں منعقدہ نیشنل چس چمپئین شپ میں ملک بھر کے کم وبیش 350 کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ دو دہائیوں میں پہلی بار ریاست کی سوئمنگ ٹیم نے کیرلا میں منعقدہ قومی کھیلوں میں ماہ ستمبر میں حصہ لیا اور سرینگر کے ایس کے آئی ایس سی میں پہلی بارمشترکہ مارشل آرٹ گیمز کارنیول منعقد کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ امسال ماہ جون میں قومی سطح کی ویٹرن اتھلیٹک چمپئین شپ منعقد کی گئی جس میں ملک کی 15ریاستوں کے 450 کھلاڑیوں نے شرکت کی۔

انہوں نے کہا کہ ضلع سطح پر ’کھیلو انڈیا مقابلوں‘ کے تحت 14 سال سے کم عمر اور 17سال سے کم عمر کے کھلاڑیوں کے لئے بھی مختلف کھیل کے میدانوں میں مقابلے منعقد کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ سال 2018 میں جموں اور سرینگر میں دو بین الاقوامی سطح کے اسٹیڈیموں کی تعمیر پر باقاعدہ کام شروع ہوا۔جموں میں 45 کروڑ مالیت کا بین لاقوامی سطح کا ایک کرکٹ اسٹیڈیم تعمیرہورہا ہے جس پر سال 2018 میں کام شروع ہوا ہے اورمارچ 2019 تک پایہ تکمیل پہنچے گا۔ اور سرینگر میں بین الاقوامی سطح کا ایک فٹ بال اسٹیڈیم تعمیر ہورہا ہے۔

ریاست کے گورنر ستیہ پال ملک نے کہا ہے کہ رایست جموں و کشمیر کو اپنا آئی پی ایل ٹیم ہونا چاہیے اور اس کی انتظامیہ اس معاملے پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے کرکٹ اسٹیڈیم مکمل ہونے کے ساتھ ہی ریاست میں آئی پی ایل میچ بھی کھلیے جائیں گے۔

گورنر کے مشیر کے اجے کمار نے کہا کہ ریاست میں اسپورٹس ٹاسک فورس کو متعارف کیا جائے گا جو اسپورٹس کیلئے مختص فنڈس کی تقسیم کاری پر نظر رکھے گا ۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */