جموں و کشمیر: تاریخی مغل روڈ سے برف ہٹانے کے باوجود ٹریفک معطل

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ مغل روڈ کو صاف کر دیا گیا ہے اور قریب 2 سو درماندہ مسافروں کو محفوظ مقامات پر پہنچایا گیا ہے۔

علامتی تصویر آئی اے این ایس
علامتی تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

سری نگر: جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے ضلع پونچھ کے ساتھ جوڑنے والے تاریخی مغل روڈ سے برف ہٹائی گئی ہے، تاہم روڈ پر برف باری سے پیدا شدہ پھسلن کی وجہ سے ٹریفک کی نقل و حمل ہنوز معطل ہے۔ بتادیں کہ منگل کی شام بالائی علاقوں میں برف باری سے مغل روڈ پر پیر کی گلی اور پوشنا پونچھ کے درمیان درجںوں گاڑیاں درماندہ ہوئی تھیں۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ مغل روڈ کو صاف کر دیا گیا ہے اور قریب 2 سو درماندہ مسافروں کو محفوظ مقامات پر پہنچایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ روڈ پر 50 مسافر گاڑیاں اور 30 مال بردار گاڑیاں در ماندہ ہوئی تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس اور فوج کی ایک مشترکہ ٹیم نے گزشتہ رات نو بجے آپریشن شروع کر دیا اور دو سو مسافروں کو نکال کر محفوظ مقامات پر پہنچایا گیا۔


مذکورہ ذرائع نے کہا کہ روڈ کو صاف کر دیا گیا ہے تاہم پھسلن کی وجہ سے ٹریفک کی نقل وحمل ہنوز معطل ہی ہے۔ ادھر وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر- جموں قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل حسب معمول جاری ہے۔ تاہم بانہال اور چندر کوٹ کے درمیان خانہ بدوشوں کے ریوڑ رواں دواں ہیں جس نے ٹریفک کے نقل و حمل کی رفتار دھیمی ہوگئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔