دہلی-این سی آر میں وقفہ وقفہ پر بارش کا سلسلہ جاری، گلابی سردی کی دستک

این سی آر میں جمعہ کے روز سے وقفے وقفے پر ہو رہی بارش کے درمیان گلابی سردی نے دستک دے دی ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق 3 دنوں میں درجہ حرارت میں تقریباً سات ڈگری سیلسیس کی کمی درج کی گئی ہے

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

نئی دہلی: قومی راجدھانی خطہ (این سی آر) میں جمعہ کے روز سے وقفے وقفے پر ہو رہی بارش کے درمیان گلابی سردی نے دستک دے دی ہے۔ راجدھانی میں ہفتہ اور اتوار کی صبح سردی محسوس کی گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق دارالحکومت میں گزشتہ 3 دنوں میں درجہ حرارت میں تقریباً سات ڈگری سیلسیس کی کمی درج کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے پہلے ہی ہفتہ اور اتوار کے روز ہلکی بارش کی پیش گوئی کی تھی۔ جمعہ کی دوپہر سے ہی دہلی-این سی آر میں سیاہ بادل دکھائی دینے لگے تھے اور کئی علاقوں میں رات سے ہلکی بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا جو اتوار تک جاری رہا۔ محکمہ کے مطابق مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ موسم کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے دارالحکومت میں چار سے پانچ روز تک بارش ہو سکتی ہے۔ محکمہ نے 8 سے 12 اکتوبر کے درمیان بوندا باندی اور ہلکی بارش کی پیش گوئی کی ہے۔


واضح ر ہے کہ مانسون نے 29 ستمبر کو راجدھانی سے واپسی شروع کی ہے اور مانسون کے بعد یہ پہلی بارش ہے۔ یہ بارش خلیج بنگال کے اوپر تیار ہونے والے مانسون سسٹم کے اثر ات کی وجہ سے ہو رہی ہے۔ اس کے اثر سے دہلی سمیت شمالی ہندوستان کے مختلف مقامات پر بارش ہوگی۔ مسلسل بادل چھائے رہنے اور بارش کی وجہ سے زیادہ سے زیادہ اور کم سے کم درجہ حرارت میں بھی کمی آئی ہے۔ درجہ حرارت میں کمی کا یہ سلسلہ چند روز تک جاری رہے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق برسات کے بعد زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 27 سے 28 ڈگری کے قریب رہے گا اور اس میں تقریباً چھ ڈگری کی کمی واقع ہوگی۔ کم سے کم درجہ حرارت بھی 20 ڈگری سیلسیس کے آس پاس رہے گا۔

جمعہ کے روز دارالحکومت میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 27.1 ڈگری درج کیا گیا تھا جو معمول سے سات ڈگری کم تھا۔ کم از کم درجہ حرارت 21.8 ڈگری سیلسیس رہا جو کہ معمول کے مطابق ہے۔ ہوا میں نمی کی شرح 81 سے 96 فیصد کے درمیان درج کی گئی۔ دارالحکومت کے کچھ علاقوں میں گزشتہ 24 گھنٹے میں بارش ہوئی اور صبح 8:30 بجے صفدرجنگ میں 25.3 ملی میٹر، پالم میں 0.4 ملی میٹر، لودی روڈ میں 19.4 ملی میٹر، آیا نگر میں 10.4 ملی میٹر، منگیش پور میں 1.0 ملی میٹر، نجف گڑھ میں 5.0 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

آج دارالحکومت میں عام طور پر مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش متوقع ہے۔ دارالحکومت کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 25 ڈگری سیلسیس تک اور کم سے کم درجہ حرارت 21 ڈگری کے آس پاس رہ سکتا ہے۔3

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔