افسران غیر قانونی کام نہ کریں، بچانے نہیں آئیں گے مودی: کانگریس

کانگریس ترجمان نے کہا کہ واڈرا کے وکیل کی بات نہیں سنی جا رہی ہے اور ڈنڈے کے بل پر تلاشی مہم چلائی جا رہی ہے۔ افسران آئین اور قانون سے قطع نظر صرف مودی شاہ کی جوڑی سے مل رہے اشاروں پر کام کر رہے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: کانگریس نے متحدہ ترقی پسند اتحاد (یو پی اے) کی صدر سونیا گاندھی کے داماد رابرٹ واڈرا اور ان کے اہل خانہ کے گھروں پر انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ای ڈی) کے چھاپوں کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے ای ڈی، سی بی آئی، سی وی سی وغیرہ ایجنسیوں اور ان کے افسران کو آج سخت تنبیہ کی اور کہا کہ وہ کوئی غیر قانونی کام نہ کریں۔ ہوا بدل رہی ہے اور ان کو بچانے نریندر مودی نہیں آئیں گے۔

کانگریس کے ترجمان ابھیشیک منو سنگھوی اور پون کھیڑا نے ہفتہ کو ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے صدر امت شاہ کے اشارے پر سیاسی انتقام کے جذبے سے واڈرا اور ان کے اہل خانہ کے گھروں پر چھاپے مار کر انہیں غیر قانونی طریقے سے پریشان کیا جا رہا ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ سی بی آئی اور ای ڈی وغیرہ ایجنسیاں مودی ،شاہ کی ذاتی فوج بن گئی ہے اور ان کے اشارے پر قانون کی پرواہ کئے بغیر قدم اٹھائے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چھاپے مارنے سے پہلے نہ ایف آئی آر درج کی گئی اور اور نہ ہی چھاپے مارنے کے لئے ضروری سرچ وارنٹ کی ضرورت محسوس کی گئی۔ واڈرا کے وکیل کی بات نہیں سنی جا رہی ہے اور ڈنڈے کے بل پر تلاشی مہم چلائی جا رہی ہے۔ افسران آئین اور قانون سے قطع نظر صرف مودی شاہ کی جوڑی سے مل رہے اشاروں پر کام کر رہے ہیں۔ کانگریس ترجمان نے مودی حکومت کی اس کارروائی کو پانچ ریاستوں کے اسمبلی انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی یقینی انتخابی مایوسی کا نتیجہ بتایا اور چھاپہ مارنے والی ایجنسیوں اور حکام کو خبردار کیا کہ انہیں سمجھ لینا چاہئے کہ مودی ہمیشہ نہیں رہیں گے۔ موسم بدل رہا ہے اور اقتدار بھی تبدیل ہونےوالا ہے۔

حکام کو غیر قانونی کام نہیں کرنا چاہیے اور سمجھ لینا چاہیے کہ مودی ان کو بچانے نہیں آئیں گے۔

کانگریس نے جانچ ایجنسیوں کو یہ انتباہ پانچ ریاستوں کے اسمبلی انتخابات کے ایگزٹ پول میں اس کے کئی ریاستوں میں فاتح پارٹی کے طور پر ابھر کر سامنے آئے اشارہ ملنے کے ایک دن بعد دی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔