یوگی کے راج میں ایک اور فرضی انکاؤنٹر؟ بے گناہ ارشاد کا گولی مار کر قتل

یوگی آدتیہ ناتھ کے برسراقتدار آنے کے بعد سے ریاست میں لگاتار ہو رہے پولس انکاؤنٹر پر سوال اٹھتے رہے ہیں اور اب تازہ معاملہ میرٹھ کا ہے جہاں ارشاد کو فرضی انکاؤنٹر کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

انتقال کی خبر  سننے کے بعد ارشاد کی ماں کا برا حال 
انتقال کی خبر سننے کے بعد ارشاد کی ماں کا برا حال
user

قومی آوازبیورو

یوگی حکومت کی پولس ایک بار پھر سوالوں کے گھیرے میں ہے۔ اتر پردیش میں یوگی آدتیہ ناتھ کے برسراقتدار آنے کے بعد سے ریاست میں لگاتار ہو رہے پولس انکاؤنٹر پر سوال اٹھتے رہے ہیں۔ تازہ معاملہ میرٹھ کا ہے۔ یہاں جو کچھ پولس نے کیا ہے وہ پولس محکمہ کے لیے گلے کی ہڈی بن گیا ہے اور انتہائی شرم کا پہلو بھی ہے۔ خبروں کے مطابق میرٹھ دیہات کے سردھنا میں منگل علی الصبح پولس کو گئو اسمگلر کی اطلاع ملی جس کے بعد موقع پر پہنچی پولس نے وہاں موجود مقامی نوجوان ارشاد کو گولی مار دی۔ لیکن گولی مارنے کے بعد جب پولس نے موقع کا معائنہ کیا تو گئو اسمگلنگ کی خبر جھوٹی نکلی۔

ذرائع کے مطابق میرٹھ پولس کو جیسے ہی یہ احساس ہوا کہ مرنے والا نوجوان بے قصور تھا تو ان کے پیروں تلے زمین کھسک گئی۔ْ خبر یہ ہے کہ اس کے بعد پولس انکاؤنٹر کو صحیح ثابت کرنے میں مصروف ہو گئی اور حراست میں لیے گئے ایک بدمعاش کو موقع پر لا کر اس کے پیر میں گولی مار کر زخمی کر دیا۔ پولس کی کوشش یہ ثابت کرنے کی تھی کہ ارشاد اور زخمی بدمعاش ساتھی تھے اور ان کے درمیان ہوئے تصادم میں ایک کی موت ہو گئی جب کہ دوسرا زخمی ہو گیا۔ اتنا ہی نہیں، اس فرضی مڈبھیڑ میں ایک داروغہ کو بھی زخمی بتایا جا رہا ہے۔

میرٹھ پولس کے اس انکاؤنٹر کے بعد گھر والوں نے بھی سوال اٹھانے شروع کر دیئے ہیں۔ ارشاد کے والد نے بتایا کہ ارشاد ٹرک چلاتا تھا۔ اتوار کو اس کے ٹرک کا سہارنپور میں ایکسیڈنٹ ہو گیا تھا۔ اس کے بعد وہ کل شام گاؤں ننگلا آیا تھا۔ شام کو کھیت سے لوٹنے کے بعد ارشاد کے والد اپنے بیٹے سے رات تقریباً 8 بجے ملے تھے۔ اس کے بعد وہ سونے چلے گئے۔ اس کے بعد انھیں معلوم نہیں کہ ارشاد سردھنا کیسے پہنچ گیا۔ انھیں آج صبح تقریباً 5 بجے گرام پردھان یونس سے ارشاد کی موت کی اطلاع ملی۔ ارشاد کے والد دلشاد کا کہنا ہے کہ اس کے بیٹے کا تو کبھی چالان بھی نہیں کٹا، اس کا تو کوئی مجرمانہ ریکارڈ بھی نہیں رہا۔ دلشاد نے اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ سے انصاف کی بھیک مانگی ہے۔ ادھر گاؤں والوں کا کہنا ہے کہ ارشاد بہت محنت کرنے والا اچھا نوجوان تھا اور ان سب کو اس کی موت کا یقین نہیں آ رہا ہے۔

اس سے پہلے بھی پولس کے فرضی انکاؤنٹر کے معاملے سوالوں کے گھیرے میں آ چکے ہیں۔ جو پولس افسر اس فرضی انکاؤنٹر میں ملوث ہے اس کے اوپر پہلے بھی ایک فرضی انکاؤنٹر کا الزام ہے جس کا فرضی انکاؤنٹر ہوا تھا وہ بھی ایک مسلم نوجوان ہی تھا۔

یوگی حکومت میں فرضی تصادم کو لے کر اپوزیشن پارٹیاں بھی لگاتار آواز اٹھاتی رہی ہیں۔ سماجوادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے کہا تھا کہ ریاست میں فرضی انکاؤنٹر کے واقعات جس طرح بڑھ رہے ہیں اس سے لوگ خوفزدہ ہیں۔ یہاں تک کہ سپریم کورٹ نے انکاؤنٹر کے معاملے میں یوگی حکومت سے سوال کیے تھے۔ انکاؤنٹر کے خلاف این جی او پیپلز یونین فار سول لبرٹی نے عرضی داخل کی تھی جس میں کئی انکاؤنٹرس کے فرضی ہونے کا الزام عائد کیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 28 Nov 2018, 7:00 AM