ہریانہ: اسمبلی انتخابات کے لئے ووٹوں کی گنتی کی تمام تیاریاں مکمل

ہریانہ اسمبلی کی 90 سیٹوں کے لئے 21 اکتوبر کو ہوئی ووٹنگ کی گنتی کل صبح سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان شروع ہوگی۔ ووٹوں کی گنتی کے لئے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

چندی گڑھ: ہریانہ اسمبلی کی 90 سیٹوں کے لئے 21 اکتوبر کو ہوئی ووٹنگ کی گنتی کل صبح سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان شروع ہوگی۔ ووٹوں کی گنتی کے لئے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔

انتخابی میدان میں اترے قدآور لیڈروں سمیت 1169 امیدواروں کی سیاسی قسمت کا فیصلہ کل ہوجائے گا۔ امیدواروں میں بے چینی نظر آرہی ہے۔ ریاست میں مجموعی طور پر 1,83,90,525 رائے دہندگان نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ الیکشن میں اہم مقابلہ حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور اپوزیشن کانگریس کے مابین نظر آرہا ہے۔ یہ دونوں پارٹیاں تمام 90-90 سیٹوں پرالیکشن لڑ رہی ہیں۔


گزشتہ انتخابات 2014 میں 19 سیٹیں جیت کر دوسرے نمبر پر رہی انڈین نیشنل لوک دل(آئی این ایل ڈی) اس بار انتخابات تک پہنچتے پہنچتے دو حصوں میں تقسیم ہوچکی ہے اور اب جن نائک جنتا پارٹی (جے جے پی) کا جنم ہوچکا ہے۔ آئی این ایل ڈی اور جے جے پی کچھ سیٹوں پر مقابلہ لازمی طور پر سہ رخی بنائیں گی۔ بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی)، عام آدمی پارٹی، سوراج انڈیا، لوک تنتر سورکشا پارٹی نے بھی کچھ سیٹوں پر اپنے امیدوار انتخاب میدان میں اتارے ہیں۔

2014 کے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی 47، آئی این ایل ڈی 19، کانگریس 15، شرومنی اکالی دل اور بی ایس پی ایک ایک، ہریانہ جن ہت کانگریس دو اور پانچ سیٹوں پر آزاد امیدوار کامیاب رہے تھے۔ ہریانہ جن ہت کانگریس بعد میں کانگریس میں ضم ہوگئی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 23 Oct 2019, 6:42 PM