’رام مندر بنانا اور دفعہ 370 ہٹانا فرقہ پرستی ہے تو میں فرقہ پرست ہوں‘، اتر پردیش بی جے پی صدر کا بیان

سوتنتردیو سنگھ کا کہنا ہے کہ ’’اگر ہندو ہونا فرقہ پرستی ہے تو میں فرقہ پرست ہوں، وندے ماترم گانا فرقہ پرستی ہے تو میں فرقہ پرست ہوں، رام مندر بنانا، دفعہ 370 ہٹانا فرقہ پرستی ہے تو میں فرقہ پرست ہوں‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

اتر پردیش میں اسمبلی الیکشن کے دن جیسے جیسے قریب آ رہے ہیں، ویسے ویسے بی جے پی لیڈروں کے ہندوتوا پر مبنی اور اشتعال انگیز بیانات بڑھتے جا رہے ہیں۔ اتر پردیش میں بی جے پی کے ریاستی صدر سوتنتردیو سنگھ نے 17 اگست کو کانپور میں کچھ ایسا ہی بیان دیا جس سے ہندوتوا ذہنیت کے لوگوں کا حوصلہ بڑھتا ہے۔ انھوں نے ایک تقریب کے دوران کہا کہ ’’اگر ہندو ہونا فرقہ پرستی ہے تو میں فرقہ پرست ہوں، وندے ماترم گانا فرقہ پرستی ہے تو میں فرقہ پرست ہوں، رام مندر بنانا، دفعہ 370 ہٹانا فرقہ پرستی ہے تو میں فرقہ پرست ہوں، کشمیری پناہ گزینوں کی بات کرنا فرقہ پرستی ہے تو میں فرقہ پرست ہوں، مجھے یہ کہنے میں کوئی گریز نہیں ہے۔‘‘

دراصل منگل کے روز ریاستی بی جے پی صدر سوتنتردیو سنگھ امرت مہوتسو میں شامل ہونے کے لیے کانپور پہنچے تھے جہاں شہیدوں کے اہل خانہ کے اعزاز میں ایک پروگرام ’آکرشن گیسٹ ہاؤس‘ میں منعقد کیا گیا تھا۔ یہاں بی جے پی کارکنان کو خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’’سوامی وویکانند نے خواب دیکھا تھا کہ ہندوستان ایک بار پھر سے عالمی گرو بنے۔ ان کے خوابوں کو وزیر اعظم نریندر مودی شرمندۂ تعبیر کر رہے ہیں۔ ہندوستان کی عزت پوری دنیا میں بڑھ رہی ہے۔ آج ہندوستان کو امید کی نظروں سے دیکھا جاتا ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔