کشمیر: 'اب میں بھارت کا نام روشن کروں گا' خود سپردگی کرنے والے ملی ٹینٹ کا ویڈیو پیغام

جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں میں جمعے کے روز ہونے والے ایک تصادم کے دوران خود سپردگی اختیار کرنے والے ایک جنگجو نے فوج کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں اب پڑھائی مکمل کر کے بھارت کا نام روشن کروں گا

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

سری نگر: جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں میں جمعے کے روز ہونے والے ایک تصادم کے دوران خود سپردگی اختیار کرنے والے ایک جنگجو نے فوج کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں اب پڑھائی مکمل کر کے بھارت کا نام روشن کروں گا۔ شوپیاں کے کلورہ نامی علاقے میں جمعے کو جنگجوؤں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان ہونے والے ایک مسلح تصادم میں چار جنگجو مارے گئے جبکہ ایک جنگجو نے خودسپردگی اختیار کی۔

خود سپردگی کرنے والے جنگجو جس کی شناخت عادل رشید بٹ ساکنہ اونتی پورہ پلوامہ کے بطور ہوئی ہے، کو ایک ویڈیو میں یہ کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے: 'میں فوج کا شکر گذار ہوں کہ انہوں نے مجھے سرینڈر کرنے کا موقع دیا، اب میں میڈیکل کی پڑھائی پوری کروں گا اور بھارت کا نام روشن کروں گا'۔


ذرائع کے مطابق شوپیاں میں جمعے کے روز تصادم کے دوران کرنل اے کے سنگھ جو اس آپریشن کی سربراہی کر رہے تھے، نے جنگجوؤں کو خود سپردگی اختیار کرنے کی پیشکش کی۔ کرنل سنگھ کو جب یہ معلوم ہوا کہ پھنسے ہوئے جنگجوؤں میں ایک جنگجو عادل رشید بٹ نامی ہے جو بی یو ایم ایس کی ڈگری کر رہا ہے تو انہوں نے موصوف جنگجو کے ساتھ فوری طور رابطہ کر کے اسے خود سپردگی کر کے ڈگری مکمل کرنے کی پیشکش کی۔

بعد ازاں عادل نے کرنل کی اس یقین دہانی کہ انہیں نارمل زندگی گزرانے کی اجازت دی جائے گی، پر خود سپردگی اختیار کی۔ عادل رشید 21 اگست کو لاپتہ ہوا تھا اور گھر والوں نے اس کو گھر واپس لوٹنے کی اپیل کی تھی۔ حالیہ برسوں کے دوران پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ کسی جنگجو نے تصادم کے دوران خود سپردگی اختیار کی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 29 Aug 2020, 3:50 PM