رافیل معاملے پر وزیراعظم مودی سے کسی بھی جگہ بحث کے لئے تیار: راہل

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ میں پھر کہتا ہوں کہ رافیل میں دھاندلی ہوئی ہے۔ میں اپنی بات پر قائم ہوں، سچائی جب سامنے آئے گی تو اس میں انل امبانی اور وزیراعظم مودی کا نام ہوگا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

امیٹھی: کانگریس صدر راہل گاندھی نے رافیل طیارہ سودے میں دھاندلی کا الزام دہراتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی کو اس معاملے میں کھلی بحث کے لیے چیلنج کیا۔

راہل گاندھی نے بدھ کے روز اپنے پارلیمانی حلقے امیٹھی میں کاغذات نامزدگی داخل کرنے کے بعد صحافیوں سے کہا کہ میں پھر کہتا ہوں کہ جنگی طیارے کی خریداری میں دھاندلی ہوئی ہے۔ میں اپنی بات پر قائم ہوں۔ اس معاملے پر جب سچائی سامنے آئے گی تو اس میں انل امبانی اور وزیراعظم نریندر مودی کا نام ہوگا۔ میں اب بھی کہہ رہا ہوں کہ وزیراعظم جہاں چاہیں مجھ سے اس معاملے میں بحث کرسکتے ہیں۔ میں ہر جگہ کے لئے تیار ہوں۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے رافیل سودے میں دھاندلی کے الزامات کی جانچ کرانے کی بات تسلیم کرلی ہے۔ یہ کانگریس کی دلیل کی تصدیق کرتی ہے۔

راہل گاندھی نے گوری گنج واقع كلكٹریٹ میں اپنے خاندان کے ارکان کی موجودگی میں اپنی روایتی سیٹ امیٹھی سے پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ اس موقع پر راہل گاندھی کے ساتھ ان کی ماں سونیا گاندھی، بہن اور کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی، بہنوئی رابرٹ واڈرا اور ان کے بچے ریحان اور ماریا موجود تھے۔

اس سے قبل راہل گاندھی نے تقریباً 40 منٹ روڈ شو کیا جس میں خاندان کے ارکان اور بڑی تعداد میں کانگریسی کارکنان نے شرکت کی۔ متحدہ ترقی پسند اتحاد (یو پی اے) صدرصحت کی وجوہات کے سبب روڈ شو میں شامل نہیں ہوئیں، وہ براہ راست كلكٹریٹ پہنچیں۔ امیٹھی میں چھ مئی کو پولنگ ہونی ہے۔ راہل گاندھی نے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کا عمل شروع ہونے کے پہلے ہی دن اپنا پرچہ نامزدگی داخل کردیا۔ جمعرات کو یہاں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی امیدوار اور مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی اپنے کاغذات نامزدگی داخل کریں گی۔

واضح رہے کہ راہل گاندھی اس بار امیٹھی کے علاوہ کیرالہ کے وائناڈ سے بھی انتخابی میدان میں ہیں اور وہاں سے 4 اپریل کو اپنے کاغذات نامزدگی داخل کر چکے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔