حیدر آباد: کورونا سے شکست کھا گیا 36 سالہ صحافی، گاندھی اسپتال میں موت

کورونا انفیکشن سے متاثر ایک صحافی کی حیدر آباد میں اتوار کے روز موت ہو گئی۔ میڈیا ذرائع کے مطابق تیلگو ٹی وی چینل میں کام کرنے والے اس 36 سالہ صحافی کا علاج گاندھی اسپتال میں چل رہا تھا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

کووڈ-19 انفیکشن کا شکار ایک صحافی کی اتوار کے روز موت ہو گئی۔ افسران نے اس بات کی تصدیق کی ہے اور بتایا کہ وہ تیلگو ٹی وی چینل میں کام کرتے تھے عمر محض 36 سال تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ صحافی کا علاج گاندھی اسپتال میں چل رہا تھا اور وہیں انھوں نے آخری سانس لی۔ صحافی کو چار دن قبل کورونا وائرس پازیٹو پائے جانے کے بعد یہاں داخل کرایا گیا تھا۔ انفیکشن کی وجہ سے تلنگانہ میں کسی صحافی کی یہ پہلی موت ہے۔

ڈاکٹروں کے مطابق صحافی دوہرے نمونیا اور ایکیوٹ ریسپریٹری ڈسٹریس سنڈروم سے متاثر تھے۔ وہ میاستھینیا گریوس کی بھی زد میں تھے جس کی وجہ سے ریسپریٹری مسلس سمیت سبھی مسلس بے کار ہو جاتے ہیں۔ صحافی کے تھائمس گلینڈ کی سرجری بھی ہوئی تھی۔ اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ صحافی کی حالت اتوار کی صبح بگڑنے لگی اور اسے ایک وینٹی لیٹر پر رکھا گیا تھا، لیکن بچایا نہیں جا سکا۔


صحافی کی موت کے بعد حیدر آباد میں صحافتی طبقہ غمزدہ ہے۔ گزشتہ ہفتہ کچھ صحافیوں کو کورونا پازیٹو پایا گیا تھا اور ان میں سے کچھ میں کوئی علامت نہیں تھی۔ کورونا پازیٹو صحافی اس وقت کوارنٹائن میں ہیں اور کچھ طبی ماہرین کے رابطے میں بھی ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ ریاست میں کچھ دنوں سے کورونا کے معاملے زیادہ تیزی کے ساتھ بڑھ رہے ہیں۔ ہفتہ کو 206 نئے معاملے سامنے آئے تھے۔ 2 مارچ کو ریاست میں پہلا معاملہ آیا تھا اور اس کے بعد سے اب تک ایک دن میں یہ کورونا انفیکشن کی سب سے بڑی تعداد تھی۔ اس کے علاوہ 10 لوگوں کی موت بھی واقع ہوئی جس کے بعد ریاست میں کورونا انفیکشن سے کل اموات کی تعداد بڑھ کر 123 ہو گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔