حیدرآباد: ’ملک کی آزادی کے لئے مسلمانوں کی قربانیاں ناقابل فراموش‘ جمعیۃ علما کی جانب سے یوم جمہوریہ تقریب کا اہتمام

پیر خلیق احمد صابر نے کہا یہ ملک سیکولر ملک ہے اور انشاء اللہ سیکولر ملک ہی رہے گا، ہمارا ملک قومی یکجہتی، سالمیت، اخوت و بھائی چارگی، امن و امان گنگا-جمنی تہذیب کی زندہ مثال رکھتا ہے۔

یوم جمہوریہ کے موقع پر پرچم برائے فروخت / یو این آئی
یوم جمہوریہ کے موقع پر پرچم برائے فروخت / یو این آئی
user

یو این آئی

حیدرآباد: یوم جمہوریہ کے موقع پر ریاستی دفتر جمعیۃ علماء تلنگانہ و آندھرا پردیش باغ عنبر پیٹ حیدر آباد میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب میں حافظ پیر خلیق احمد صابر جنرل سکریٹری جمعیتہ علما تلنگانہ و آندھرا پر دیش کے ہاتھوں رسم پرچم کشائی انجام دی گئی۔

پیر خلیق احمد صابر نے یوم جمہوریہ کے موقع پر تمام ہندوستانیوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کے تاریخی اوراق ہندوستانی مسلمانوں کی قربیانیوں سے بھرے ہوئے ہیں۔ 350 سالہ قربانیوں کے بعد اس ملک کو جمہوری بنایا گیا ہے، حقائق سامنے رکھ کر اگر دیکھا جائے تو مسلمان وہ قوم ہے جس نے ہر موڑ پر ابنائے وطن کے ساتھ ہاتھ بڑھاتے ہوئے ہندوستان کو انگریزوں کے چنگل سے نکال کر اس ملک کو جمہوری ملک بنایا۔

انہوں نے کہا کہ اس ملک کو جمہوری بنانے میں حضرت مولانا حفظ الرحمن سہروردی، شیخ الہند مولانا محمود الحسن دیوبندی، شیخ الاسلام مولانا حسین احمد مدنی، مولانا کفایت اللہ دہلوی، حضرت مولانا ابو الکلام آزاد، مولانا فضل الحق خیرآبادی، گاندھی جی اور دیگر ہندو، مسلم، سکھ، عیسائیوں نے بہت بڑا رول ادا کیا۔

جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء نے کہا کہ ملک عزیز کی آزادی ہمارے اکابرین کی مرہون منت ہے۔ ہمیں جمہوری اور سیکولر نظام حکومت کی قدر کرنی چاہئے، اسی دستور و نظام کے تحت ہندوستان میں مدارس اسلامیہ کو خود مختاری حاصل ہے، آئینی مذہبی آزادی بھی اسی جمہوری نظام کے تحت آتی ہے۔ اسی لئے جمہوریت کی بقاء اور تحفظ کے لئے مدبرانہ اور مؤثر اقدام ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ ایک خاص ناعاقبت اندیش و فکر مسلمانوں کی مذہبی آزادی اور جمہوریت کے خلاف ہے اور اس نظام کو سبوتاژ کر دینا چاہتی ہیں، اس لئے عہد حاضر میں اس بات کی ضرورت ہے کہ تمام محبان وطن بالخصوص علماء کرام اور ارباب مدارس جمہوری نظام کے تحفظ کے لئے پیش رفت کریں اور حکمت عملی تیار کریں۔

پیر خلیق احمد صابر نے کہا کہ جب بھی ضرورت پڑی ہمیشہ اس ملک کو طوفانی موجوں اور نفرت و تعصب کے ابلتے شراروں کو علماء کرام اور مسلم عوام نے سب سے آگے بڑھ کر ٹھنڈا کیا اور ہندوستان کو حسین و جمیل بنانے و دنیا میں اس کا نام روشن کر نے کے لئے اہم کردار ادا کیا۔ تمام انصاف پسند تاریخ داں اس بات کے معترف ہیں کہ علماء کرام کی جدوجہد اور ایثارو قربانی کے تذکرہ کے بغیر تاریخ حریت مکمل نہیں ہوسکتی۔

انہوں نے کہا کہ افسوس کی بات یہ ہے کہ اس سلسلہ میں ہماری اپنی صفوں میں بھی اضمحلال اور سستی پائی جاتی ہے۔ یہی وجہ کہ ہماری نسل نو اپنے اکابر کی قربانیوں سے ناواقف ہے، موجودہ حالات کے پیش نظر یہ ضرورت شدت سے محسوس کی جاتی ہے کہ ہر موقع پر اپنے اسلاف کے کارناموں، ان کی قربانیوں اور ان کی حب الوطنی کو عام کرنے کی کوشش کی جائے، تاکہ علماء کی قربانیوں سے نئی نسل بھی واقف ہو اور نسل نو یہ جان سکے کہ اکابر امت نے اس ملک کے لئے کیسی کیسی قربانیاں پیش کی ہیں۔ پیر خلیق احمد صابر نے کہا یہ ملک سیکولر ملک ہے اور انشاء اللہ سیکولر ملک ہی رہے گا، ہمارا ملک قومی یکجہتی، سالمیت، اخوت و بھائی چارگی، امن و امان گنگا-جمنی تہذیب کی زندہ مثال رکھتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔