وزیر داخلہ امت شاہ کی مایوسی کو سمجھتے ہیں: عمر عبداللہ

عمر عبداللہ نے کہا کہ جموں و کشمیر واحد ایسی جگہ ہے جہاں لیڈران کو انتخابات میں حصہ لینے اور جمہوری عمل کی حمایت کرنے پر بند کیا جاتا ہے اور ملک دشمن ہونے کا نام دیا جاتا ہے۔

عمر عبداللہ، تصویر یو این آئی
عمر عبداللہ، تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

سری نگر: نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے 'عوامی اتحاد برائے گپکار اعلامیہ' سے متعلق بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر داخلہ عوامی اتحاد کے انتخابات لڑنے کے فیصلے سے کافی مایوس ہوئے ہیں اور ہم ان کی مایوسی کو سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر واحد ایسی جگہ ہے جہاں لیڈران کو انتخابات میں حصہ لینے اور جمہوری عمل کی حمایت کرنے پر بند کیا جاتا ہے اور ملک دشمن ہونے کا نام دیا جاتا ہے۔

عمر عبداللہ نے وزیر داخلہ امت شاہ کے ایک ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ 'عزت مآب وزیر داخلہ کے حملے کے پیچھے چھپی مایوسی کو سمجھ سکتے ہیں۔ انہیں بتایا گیا تھا کہ پیپلز الائنس انتخابات کے بائیکاٹ کی تیاری کر رہا ہے۔ ہمارے بائیکاٹ سے بی جے پی اور نئی تشکیل کردہ کنگز پارٹی کو کھلا میدان مل جاتا۔ ہم نے انہیں ایسا کرنے نہیں دیا'۔


انہوں نے ایک اور ٹوئٹ میں کہا کہ 'جموں و کشمیر واحد ایسی جگہ ہے جہاں لیڈران کو انتخابات میں حصہ لینے اور جمہوری عمل کی حمایت کرنے پر بند کیا جاتا ہے اور ملک دشمن ہونے کا نام دیا جاتا ہے۔ سچ یہ ہے کہ جو کوئی بی جے پی کی آئیڈیالوجی کی مخالفت کرتا ہے اس پر کرپٹ اور اینٹی نیشنل ہونے کا لیبل چسپاں کیا جاتا ہے'۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ 'امت شاہ جی ہم گینگ نہیں ہیں۔ ہمارا ایک جائز سیاسی الائنس ہے۔ ہم انتخابات لڑتے آئے ہیں اور لڑتے رہیں گے۔ اس سے آپ کو مایوسی ہوتی ہے'۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */