پٹنہ ہائی کورٹ نے 6 جولائی تک بلڈوزر کارروائی پر لگائی روک، سماعت بدھ کو

پٹنہ کے نیپالی نگر اور راجیو نگر میں دو دنوں تک بلڈوزر کارروائی کے بعد پٹنہ ہائی کورٹ نے پیر کے روز ان دونوں ہی علاقوں میں کارروائی پر روک لگا دی، اس سلسلے میں آئندہ سماعت بدھ کے روز ہوگی۔

پٹنہ ہائی کورٹ
پٹنہ ہائی کورٹ
user

قومی آوازبیورو

پٹنہ کے نیپالی نگر اور راجیو نگر میں دو دنوں تک بلڈوزر کارروائی کے بعد پٹنہ ہائی کورٹ نے پیر کے روز ان دونوں ہی علاقوں میں کارروائی پر روک لگا دی۔ افسران کا کہنا ہے کہ ان دونوں علاقوں میں لوگوں نے سرکاری زمین پر قبضہ کر لیا ہے۔ عدالت نے دو دن کے لیے انہدامی کارروائی پر روک لگانے کی ہدایت دیتے ہوئے پٹنہ کے ضلع مجسٹریٹ چندرشیکھر سنگھ کو بھی پیش ہونے کی ہدایت دی ہے۔

عدالت نے ضلع انتظامیہ کو اتوار اور پیر کو گرفتار کیے گئے سبھی اشخاص کو فوراً رِہا کرنے کی بھی ہدایت دی۔ ضلع انتظامیہ نے تجاوزات مخالف مہم کے دوران ایک پولیس ٹیم پر پتھراؤ کرنے کے الزام میں 26 لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔ ضلع مجسٹریٹ کے مطابق راجیو نگر اور نیپالی نگر کو اراضی مافیاؤں نے ناجائز طریقے سے ڈیولپ کیا تھا۔ ان محلوں کی زمینوں کی رجسٹریوں پر پوری طرح روک لگا دی گئی ہے، پھر بھی کئی لوگوں نے دیگر مقامات سے رجسٹری کروا لی ہے یا زمین کا پاور آف اٹارنی لے لیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ زمینیں بہار ریاستی رہائش بورڈ کی ہیں اور مقامی اراضی مافیاؤں نے غیر قانونی طریقے سے سرکاری زمین کو معصوم لوگوں کے ہاتھوں فروخت کیا ہے۔


ضلع انتظامیہ نے ایک ماہ قبل سبھی لوگوں کو زمین خالی کرنے کے لیے قانونی نوٹس جاری کیا تھا۔ حالانکہ مقامی باشندوں نے دعویٰ کیا کہ وہ زمین کی قانونی رجسٹری کے مالک ہیں اور 20 سے زیادہ سالوں سے میونسپلٹی ٹیکس اور بجلی بل کی ادائیگی بھی کر رہے ہیں۔ لوگوں نے کہا کہ زمین بہار ریاستی رہائش بورڈ کی ہے تو انھیں بجلی فراہمی اور ہاؤس ٹیکس جیسی سرکاری سہولیات کیسے ملیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔