کورونا وبا میں دہلی کے باشندوں کی امداد میری پہلی ترجیح: عمران مسعود

عمران مسعود نے نئی ذمہ داری ملنے پر کہا کہ ’’میں مرکزی قیادت کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ مجھے اس لائق سمجھا گیا۔ میں پوری محنت سے عوام کے مفاد میں کام کروں گا۔

عمران مسعود
عمران مسعود
user

آس محمد کیف

مغربی اتر پردیش کے قدآور لیڈر عمران مسعود نے دہلی ریاست کا انچارج بنائے جانے کے بعد ’قومی آواز‘ کے ساتھ خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ان کی پہلی ترجیح اس کورونا وبا کے دوران دہلی کے باشندوں کی ہر ممکن امداد کرنا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس وقت دہلی کے ساتھ ساتھ پورے ملک میں بحرانی حالت ہے اور کانگریس پوری دلجمعی کے ساتھ متاثرین کی مدد کر رہی ہے۔ عمران مسعود نے کہا کہ راہل گاندھی کی ہدایات کے مطابق وہ خود دہلی کے باشندوں کے مسائل دور کرنے میں پیش پیش ہیں۔

عمران مسعود نے بتایا کہ آج دوپہر بعد سے انھیں لگاتار کئی لوگ فون کر رہے ہیں اور مبارکبادیوں کا سلسلہ جاری ہے، لیکن فی الحال پوری توجہ وبا سے پریشان لوگوں کی خدمت کرنے کی طرف ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہ سیاست کرنے کا وقت نہیں بلکہ سب کو مل جل کر مسئلہ کا حل نکالنا ہے۔ عمران مسعود نے نئی ذمہ داری ملنے پر کہا کہ ’’میں مرکزی قیادت کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ مجھے اس لائق سمجھا گیا۔ میں پوری محنت سے عوام کے مفاد میں کام کروں گا۔ میں دہلی کو اچھی طرح سمجھتا ہوں اور اس سے ہمیشہ رابطہ رہا ہے۔ دہلی کے لوگوں کو عام آدمی پارٹی کی حکومت جس طرح بے وقوف بنا رہی ہے، اس سے لوگوں کو روشناس کرانے کا کام بھی کیا جائے گا۔‘‘


قابل ذکر ہے کہ عمران مسعود کا تعلق اتر پردیش کے ضلع سہارنپور سے ہے اور وہ کانگریس کے مقبول لیڈر ہیں۔ ان کو آل انڈیا کانگریس کمیٹی کا قومی سکریٹری اور دہلی کا انچارج مقرر کیے جانے کے بعد دہلی کے ساتھ ساتھ مغربی اتر پردیش میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ دہلی کے مسلم اکثریتی علاقہ اوکھلا باشندہ محمد جابر نے کانگریس کے فیصلہ کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ایک بے حد قابل اور مخلص لیڈر کو دہلی کا انچارج بنایا گیا ہے اور ان سے لوگوں کو کافی امیدیں ہیں۔ سہارنپور کے کاروباری افضال احمد نے عمران مسعود کو کانگریس پارٹی میں اہم ذمہ داری ملنے پر کہا کہ یہ پورے سہارنپور کے لیے عزت کی بات ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */