وادی کشمیر میں شدید برف باری، نظام زندگی بری طرح متاثر

ہفتہ کے روز وادی کی بیشتر سڑکوں پر گاڑیوں کی آمدورفت معطل رہی۔ بیشتر علاقوں میں لوگوں کو ٹرانسپورٹ کی عدم دستیابی کی وجہ سے پیدل سفر کرتے ہوئے دیکھا گیا۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

سری نگر: وادی کشمیر میں جمعہ کو دوپہر کے وقت شروع ہونے والی شدید ترین برف باری سے نظام زندگی درہم برہم ہوگیا ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق وادی کے بیشتر حصوں میں برف باری کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے جاری ہے۔ ریاست کی گرمائی راجدھانی میں ایک فٹ سے زیادہ برف کھڑی ہوگئی ہے جبکہ دوردراز اور بالائی علاقوں میں پانچ سے سات فٹ برف جمع ہوگئی ہے۔

وادی کو بیرون دنیا سے جوڑنے والی سری نگر جموں قومی شاہراہ جمعہ کی سہ پہر سے بند ہے، جبکہ سری نگر کے ہوائی اڈے پر پروازوں کی آواجاہی بری طرح سے متاثر ہوکر رہ گئی ہے۔ شدید برف باری کی وجہ سے شمالی کشمیر کے بارہمولہ اور جموں خطہ کے بانہال کے درمیان چلنے والی ریل خدمات کو بھی معطل کردیا گیا ہے۔موصولہ اطلاعات کے مطابق سری نگر جموں قومی شاہراہ کے علاوہ وادی کے درجنوں علاقوں کو ضلع صدر مقامات سے جوڑنے والی سڑکیں بند کردی گئی ہیں۔ واضح رہے کہ خطہ لداخ کو وادی سے جوڑنے والی سری نگر لیہہ قومی شاہراہ اور وادی کو جموں کے پیرپنچال سے جوڑنے والی مشہور مغل شاہراہ پر گاڑیوں کی آمد و رفت گزشتہ دسمبر سے معطل ہے۔ دونوں شاہراہیں بھاری مقدار میں برف جمع ہونے کے بعد بند کردی گئی تھیں۔

یو این آئی کو موصولہ اطلاعات کے مطابق وادی کشمیر میں رواں موسم کی شدید ترین برف باری کے نتیجے میں بجلی کی ترسیل کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق وادی کے بیشتر حصے گھپ اندھیرے میں ڈوب گئے ہیں۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ محکمہ بجلی کے اہلکاروں نے گرتی برف کے درمیان بجلی کی ترسیلی لائنوں کو ٹھیک کرنا شروع کردیا ہے۔ اگرچہ انتظامیہ نے سینکڑوں کی تعداد میں برف ہٹانے والی مشینیں کام پر لگادی ہیں، تاہم موصولہ اطلاعات کے مطابق درجنوں علاقوں کو جانے والی سڑکوں پر سے برف ہٹانے کا کام شروع ہونا باقی ہے۔ وادی کی بیشتر سڑکوں پر ہفتہ کو گاڑیوں کی آمدورفت معطل رہی۔ بیشتر علاقوں میں لوگوں کو ٹرانسپورٹ کی عدم دستیابی کی وجہ سے پیدل سفر کرتے ہوئے دیکھا گیا۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی

انتظامیہ نے لوگوں کی راحت رسانی کے لئے ہیلپ لائن نمبرات جاری کردئیے ہیں۔ سبھی ضلع ہیڈکوارٹروں میں کنٹرول رومز قائم کئے گئے ہیں۔ صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے مسلسل برف باری کے پیش نظر تودے گرآنے کی وارننگ جاری کردی ہے۔ لوگوں سے احتیاط برتنے کی اپیل کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے ایک عہدیدار نے یو این آئی کو فون پر بتایا کہ وادی کشمیر میں برف باری کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے اگلے چوبیس گھنٹوں تک جاری رہ سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اتوار کو دوپہر سے موسم میں بہتری آنا شروع ہوگی۔

وادی کشمیر میں شدید برف باری، نظام زندگی بری طرح متاثر

موصولہ اطلاعات کے مطابق کشمیر کے تمام بالائی حصوں بشمول مشہور سیاحتی مقامات گلمرگ، پہلگام، سونہ مرگ، یوسمرگ اور دودھ پتھری میں تین سے چھ فٹ تازہ برف کھڑی ہوگئی ہے۔ شعبہ سیاحت سے وابستہ افراد کا کہنا ہے کہ چلہ کلان میں بھاری برف باری ہونے کا فائدہ یہ ہے کہ جمع شدہ برف اپریل تک موجود رہے گی۔ دریں اثنا صوبہ جموں سے موصولہ اطلاعات کے مطابق صوبہ کے تمام پہاڑی علاقوں بالخصوص کٹرہ، بھدرواہ اور ڈوڈہ میں تازہ برف باری ہوئی ہے۔ جموں کے پہاڑی علاقوں میں برف باری کے نتیجے میں میدانی علاقوں میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی آگئی ہے۔

تمام تصاویر یو این آئی

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 05 Jan 2019, 1:09 PM
/* */