دہلی-این سی آر میں موسلا دھار بارش، پانی جمع ہونے سے متعدد مقامات پر ٹریفک جام

دہلی اور این سی آر میں منگل کی صبح موسلادھار بارش سے لوگوں کو شدید گرمی سے سکون تو ملا مگر صبح کے وقت دفتر جانے والوں کو مختلف مقامات پر پانی کے جمع ہونے سے ٹریفک جام کا سامنا کرنا پڑا

دہلی میں بارش کی فائل تصویر
دہلی میں بارش کی فائل تصویر
user

یو این آئی

نئی دہلی: دہلی اور قومی راجدھانی خطہ (این سی آر) میں منگل کی صبح موسلا دھار بارش سے لوگوں کو شدید گرمی سے سکون ملا، جب کہ صبح کے وقت دفتر جانے والوں کو مختلف مقامات پر پانی کے جمع ہونے سے ٹریفک جام کا سامنا کرنا پڑا۔

منگل کی صبح سے این سی آر میں شروع ہونے والی بارش نے درجہ حرارت کو نیچے کردیا اور لوگوں کو حبس زدہ گرمی سے کچھ راحت ملی۔ مختلف مقامات پر پانی کے جمع ہونے کی وجہ سے دفتر جانے والوں کو ٹریفک جام کا سامنا کرنا پڑا۔ بارش کی وجہ سے دہلی میں درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ پر آگیا ہے۔

شدید بارش کی وجہ سے تلک پل کے نیچے پانی بھرنے کی وجہ سے آئی ٹی او میں زبردست جام تھا۔ صورتحال یہ تھی کہ وہاں سے نکلنے کے لئے ٹو وہیلر والوں کو پانی کے نیچے جانا پڑا۔ دھولاکنواں میں بھی ٹریفک جام دیکھنے کو ملا۔ بہت ساری دوسری جگہوں پر بھی لوگوں کو صبح کے وقت پانی کے جمع ہونے کا سامنا کرنا پڑا۔


محکمہ موسمیات نے آج صبح 0850 بجے ہلکی اور اوسط بارش اور گرج چمک کے ساتھ دہلی اور این سی آر میں اگلے دو گھنٹوں کے دوران جاری رہنے کا الرٹ جاری کیا ہے۔ محکمہ نے اگلے 3-4 دن تک دہلی این سی آر میں ہلکی اور تیز بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔