مودی جی آپ کب تک ہاتھرس واقعہ پر خاموش رہیں گے: چندرشیکھر آزاد

چندر شیکھر آزاد نے ہاتھرس واقعہ پر پی ایم مودی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ گاندھی جینتی کے موقع پر انھوں نے کہا کہ "پی ایم جی کب تک آپ خاموش رہیں گے، ہم آ رہے ہیں انڈیا گیٹ، آپ سے جواب مانگنے۔"

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

اتر پردیش کے ہاتھرس میں 19 سالہ لڑکی کے ساتھ اجتماعی عصمت دری اور قتل کے معاملے میں پورے ملک میں غم و غصے کی لہر ہے۔ اس معاملے میں سبھی اپوزیشن پارٹیوں نے یو پی حکومت کو کٹہرے میں کھڑا کر دیا ہے۔ بھیم آرمی کے سربراہ چندر شیکھر آزاد نے اس معاملے میں پی ایم مودی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ گاندھی جینتی کے موقع پر چندرشیکھر آزاد نے کہا ہے کہ "پی ایم جی کب تک آپ خاموش رہیں گے، ہم آ رہے ہیں انڈیا گیٹ، آپ سے جواب مانگنے۔"

چندر شیکھر آزاد نے ایک ویڈیو پیغام کے ذریعہ پی ایم مودی پر حملہ آور رخ اختیار کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہندوستان کے وزیر اعظم کہتے ہیں دلتوں کو مت مارو، انتخاب سے پہلے وہ دلتوں کے پیر دھوتے ہیں اور نعرہ دیتے ہیں 'بیٹی پڑھاؤ، بیٹی بچاؤ'۔ جس یو پی سے منتخب ہو کر ایوان میں گئے، اسی یو پی کے ہاتھرس کی بیٹی کے ساتھ حیوانیت ہوتی ہے۔ اس کی ہڈی توڑی جاتی ہے، اس کی زبان کاٹ دی جاتی ہے۔ عصمت دری اور اس کا قتل ہوتا ہے، وہیں اس کی لاش کو کچرے کی طرح جلایا جاتا ہے۔ کب تک آپ خاموش رہیں گے وزیر اعظم جی؟"


بھیم آرمی سربراہ ویڈیو میں یہ بھی کہتے ہیں کہ "اتر پردیش میں انسانیت شرمسار ہوتی ہے، اس کی فیملی کو یرغمال بنا لیا جاتا ہے، انتظامیہ کے ذریعہ دھمکی دی جاتی ہے۔ اس پر پی ایم ایک لفظ نہیں بولتے ہیں۔ نہ ہی پی ایم کو اس متاثرہ کی فیملی کی چیخیں سنائی دیتی ہیں۔ کب تک آپ خاموش رہیں گے وزیر اعظم جی؟ آپ کو جواب دینا پڑے گا۔ آج شام 5 بجے ہم لوگ آ رہے ہیں انڈیا گیٹ۔ آپ سے جواب مانگنے۔ آپ کی خاموشی بیٹیوں کے لیے خطرہ ہے۔" وہ مزید کہتے ہیں کہ "آپ کو بولنا پڑے گا، آپ کو جواب دینا پڑے گا۔ آپ کو انصاف کرنا پڑے گا۔" اس درمیان انڈیا گیٹ کے آس پاس پولس انتظامیہ نے دفعہ 144 نافذ کر دیا ہے۔ کسی بھی طرح سے لوگوں کو وہاں اکٹھا ہونے کی اجازت نہیں ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔