ہریانہ: اسمبلی انتخابات کے لئے جے جے پی اور بی ایس پی میں اتحاد قائم

دشینت چوٹالہ نے کہا کہ آئندہ اسمبلی انتخابات جے جے پی اور بی ایس پی مل کر لڑیں گی۔ یہ اتحاد ریاست کی سیاست میں نئی تبدیلی لائے گا اور حکومت تشکیل دے گا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: ہریانہ میں جن نائیک جنتا پارٹی (جے جے پی) اور بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) نے اسمبلی انتخابات کے لئے اتحاد کا اعلان کرتے ہوئے بالترتیب 50 اور 40 سیٹوں پر انتخاب لڑنے کا اعلان کیا ہے۔ جے جے پی لیڈر اور سابق رکن پارلیمنٹ دشینت چوٹالہ اور بی ایس پی کے قومی جنرل سکریٹری اور راجیہ سبھا رکن پارلیمنٹ ستیش چندر مشرا نے آج یہاں ایک پریس کانفرنس میں اتحاد کا اعلان کیا۔

دشینت چوٹالہ نے کہا کہ آئندہ اسمبلی انتخابات جے جے پی اور بی ایس پی مل کر لڑیں گی۔ یہ اتحاد ریاست کی سیاست میں نئی تبدیلی لائے گا اور حکومت تشکیل دے گا۔ ستیش مشرا نے کہا کہ اتحاد کے تعلق سے دونوں جماعتوں کے درمیان کئی دور کی بات چیت ہوئی۔ دونوں پارٹیوں کے سرکردہ لیڈروں کی مشاورت اور رضامندی کے بعد بی ایس پی سربراہ مایاوتی اور جے جے پی بانی ڈاکٹر اجے سنگھ چوٹالہ نے اتحاد کو ہری جھنڈی دی۔


انہوں نے کہا کہ لوگ ریاست میں بی جے پی کی حکومت سے پریشان ہیں اور انہوں نے تبدیلی کا من بنا لیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کون سی پارٹی کس سیٹ پر الیکشن لڑے گی ، اس کا اعلان جلد ہی کیا جائے گا۔

چوٹالہ نے کہا کہ سابق نائب وزیر اعظم دیوی لال کی سالگرہ 25 ستمبر کے روز جےجےپي-بی ایس پی اتحاد مل کر ریاست میں تاریخی ریلی کرے گا۔ ریلی کا مقام پارٹی کے دونوں لیڈروں کے مشاورت کے بعد طے کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی حکومت میں ریاست کا سماجی تانا بانا بگڑ گیا اور اب دونوں پارٹیاں مل کر آپسی بھائی چارے کو مضبوطی فراہم کرتے ہوئے فرقہ وارانہ ہم آہنگی قائم کریں گی۔


اس موقع پر جے جے پی کے قومی نائب صدر اننت رام، پارٹی جنرل سکریٹری ڈاکٹر کیسی بانگڑ، بی ایس پی کے ہریانہ انچارج ڈاکٹر میگھراج اور پارٹی کے صوبائی صدر پرکاش بھارتی موجود تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔