ہریانہ کے وزیر اعلیٰ کھٹّر کی طبیعت بگڑی، سانس لینے میں تکلیف کے بعد اسپتال میں داخل

آئی جی ایم سی کے پرنسپل ڈاکٹر رجنیش کا کہنا ہے کہ ’’ہریانہ کے وزیر اعلیٰ کو سونے میں تکلیف ہوئی تھی اور احتیاطاً انھیں یہاں جنرل ٹیسٹ کے لیے لایا گیا تھا۔ ان کی سبھی رپورٹس نارمل ہیں۔‘‘

منوہر لال کھٹّر، تصویر آئی اے این ایس
منوہر لال کھٹّر، تصویر آئی اے این ایس
user

تنویر

ہریانہ کے وزیر اعلیٰ منوہر لال کھٹّر ان دنوں ہماچل پردیش کے دورہ پر ہیں، اور اس دورہ کے دوران اچانک ان کی طبیعت بگڑ گئی جس کے پیش نظر انھیں اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق کورونا سے شفایاب ہو چکے کھٹّر اس وقت شملہ میں ہیں اور سانس لینے میں شکایت کے بعد انھیں اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اس وقت وزیر اعلیٰ ٹھیک ہیں اور انھیں سانس لینے میں بھی دقت نہیں ہو رہی ہے۔

ڈاکٹروں کے حوالے سے میڈیا میں بتایا جا رہا ہے کہ شملہ کا دورہ کر رہے کھٹر کی جانچ اندرا گاندھی میڈیکل کالج اور ہاسپیٹل (آئی جی ایم سی) میں ہوئی اور سبھی رپورٹ نارمل ہیں۔ کچھ خبروں کے مطابق کھٹّر کو اسپتال سے چھٹی بھی مل گئی ہے اور انھوں نے بتایا کہ وہ اب اچھا محسوس کر رہے ہیں۔ جب ان سے سانس لینے میں تکلیف کے بارے میں پوچھا گیا تو انھوں نے کہا کہ ’’میں بالکل ٹھیک ہوں؟‘‘


آئی جی ایم سی کے پرنسپل ڈاکٹر رجنیش پٹھانیا کا کہنا ہے کہ ’’ہریانہ کے وزیر اعلیٰ کو رات میں سونے میں تکلیف ہوئی تھی اور احتیاطاً انھیں یہاں جنرل ٹیسٹ کے لیے لایا گیا تھا۔ ان کی سبھی رپورٹس نارمل ہیں۔‘‘ واضح رہے کہ اگست کے مہینے میں منوہر لال کھٹر کورونا پازیٹو پائے گئے تھے۔ اس کے بعد دو ہفتوں سے زیادہ مدت تک انھیں اسپتال میں رہنا پڑا تھا اور پھر صحت یاب ہو کر وہ اسپتال سے باہر آئے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔