ہر گھر ترنگا: ریلوے ہر ملازم کو فراہم کرے گا قومی پرچم، تنخواہ سے کٹیں گے 38 روپے، یونین لیڈران ناراض

نارتھ سنٹرل ریلوے ایمپلائز یونین کے سکریٹری چندن سنگھ کا کہنا ہے کہ ’’ریلوے اہلکار خود محب وطن ہیں اور اپنے پیسے سے خود ترنگا پرچم خریدیں گے، ان پر کوئی فیصلہ تھوپا نہیں جانا چاہیے۔‘‘

قومی جھنڈا، تصویر آئی اے این اایس
قومی جھنڈا، تصویر آئی اے این اایس
user

قومی آوازبیورو

مرکزی حکومت آزادی کے 75 سال پورے ہونے پر 15 اگست کے پیش نظر ہر گھر ترنگا مہم چلا رہی ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ 13 سے 15 اگست تک ہر گھر ترنگا مہم میں حصہ لیں۔ غور کرنے والی بات یہ ہے کہ کچھ بینکوں اور سرکاری محکموں نے تنخواہ سے کچھ رقم کاٹ کر ملازمین کو ترنگا پرچم مہیا کرانے کا منصوبہ بنایا ہے۔ ریلوے نے بھی اپنے ملازمین کو ترنگا پرچم دینے کا اعلان کیا ہے تاکہ وہ اپنے گھر پر اسے لگا سکیں۔ اس کے عوں ان کی تنخواہ سے فی پرچم 38 روپے کاٹے جائیں گے۔

اس سلسلے میں ’اے بی پی نیوز‘ نے ایک رپورٹ شائع کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ ریلوے کے اس حکم سے یونین لیڈران میں ناراضگی ہے۔ انھوں نے ملازمین کی تنخواہ سے پیسے کاٹ کر ترنگا پرچم تقسیم کیے جانے کے منصوبہ کی شدید مذمت کی ہے۔ نارتھ سنٹرل ریلوے ایمپلائز یونین کے اہلکاروں نے اس حکم پر اعتراض ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی زبردستی مناسب نہیں ہے۔ یونین کے سکریٹری چندن سنگھ کا کہنا ہے کہ ’’ریلوے اہلکار خود محب وطن ہیں اور اپنے پیسے سے خود ترنگا پرچم خریدیں گے، ان پر کوئی فیصلہ تھوپا نہیں جانا چاہیے۔‘‘ ریلوے کے حکم پر زونل جنرل سکریٹری آر پی سنگھ کا کہنا ہے کہ ’’اسٹاف بینیفٹ فنڈ سے پرچم خریدا جائے، لیکن اس کے لیے ہماری تنخواہ سے پیسہ نہ کاٹا جائے۔‘‘


میڈیا رپورٹ کے مطابق ریلوے اسٹاف میں جس قومی پرچم کو تقسیم کیا جائے گا، اس کے لیے کسی پرائیویٹ ایجنسی سے معاہدہ ہوا ہے۔ اس قومی پرچم کا معیار کیا ہوگا اور اس کا سائز کیا ہوگا، اس سلسلے میں کچھ بھی سامنے نہیں آیا ہے۔ ریلوے بورڈ نے سبھی زونل جنرل منیجر، کارخانہ، آر پی ایف اور اسپتال مینجمنٹ کو جو خط لکھا ہے اس میں ہدایت دی گئی ہے کہ 15 اگست کو ترنگا لہرائیں۔ اس ترنگے کی خریداری اسٹاف بینیفٹ فنڈ سے کی جانی ہے اور بعد میں ریلوے اہلکاروں کے اکاؤنٹ سے کاٹے گئے پیسے اسٹاف بینیفٹ فنڈ میں ہی بھیجا جانا ہے، پھر بھی ریلوے ملازمین اس فیصلے کی مذمت کر رہے ہیں۔ قابل ذکر بات یہ بھی ہے کہ ریلوے اہلکاروں کو تقسیم کیے جانے والے قومی پرچم کی قیمت بی جے پی کے دفتر میں 20 روپے ہے اور ڈاک گھر میں اسے 25 روپے میں خریدا جا سکتا ہے۔ کچھ این جی اوز بھی اس پرچم کو لوگوں کو 20 روپے میں دستیاب کرا رہے ہیں۔ لیکن ریلوے اہلکاروں کو اس کے لیے 38 روپے ادا کرنے ہوں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔