گڑگاؤں: گاڑیوں کی انشورنس پالیسیوں میں دھوکہ دہی کے الزام میں ایک شخص گرفتار

پولیس میں دھوکہ دہی معاملے کی جون 2021 کو کبیر جین نے شکایت درج کرائی تھی، جس کے ساتھ ملزم نے 51218 روپے کی گاڑی کی انشورنس پالیسی جاری کرکے ٹھگی کی تھی۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

گڑگاؤں: گڑگاؤں پولیس نے ایک شخص کو ایک معروف نجی انشورنس فرم کے نام پر گاڑی کا انشورنس سرٹیفکیٹ بناکر شہر کے ایک رہائشی کو دھوکہ دینے کی پاداش میں گرفتار کیا ہے۔ پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ بہار کے ضلع سیتامڑھی کے رہنے والے ملزم شیو ناتھ پاٹھک عرف ابھیشیک پال کو گڑگاؤں کے سیکٹر 43 علاقے سے تکنیکی نگرانی کی مدد سے پکڑا گیا۔

پولیس نے جرم میں استعمال ہونے والا ایک ٹیب بھی برآمد کیا ہے۔ تفتیش کے دوران ملزم نے انکشاف کیا کہ وہ لوگوں کو فون کرتا تھا اور انہیں پرکشش انشورنس پالیسیاں فراہم کرتا تھا۔ گڑگاؤں پولیس کے ترجمان سبھاش بوکن نے کہا کہ لوگوں کے ملزم کی پیش کش پر دلچسپی ظاہر کرتے ہی وہ اپنے گاہک کی پرانی پالیسی واٹس ایپ کے ذریعے حاصل کرتا تھا اور اسے آن لائن کنورٹر میں قابل تدوین فارمیٹ میں تبدیل کر کے جعلی ادائیگی کے چالان تیار کر کے جعلی پالیسیاں بنا کر دے دیتا تھا۔


اس واقعے کے سلسلے میں جون 2021 کو ڈی ایل ایف فیز -1 گڑگاؤں کے رہائشی کبیر جین نے شکایت درج کرائی تھی، جس کے ساتھ ملزم نے 51218 روپے کی گاڑی کی انشورنس پالیسی جاری کر کے ٹھگی کی تھی۔ ملزم کے خلاف آئی پی سی کی مختلف دفعات کے تحت سائبر کرائم پولیس اسٹیشن گڑگاؤں میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ بوکن نے کہا کہ ملزم مزید کارروائی کے لیے چار دن کے لیے پولیس کی تحویل میں ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔