لو جہاد قانون لانے کے لیے گجرات بھی تیار، نائب وزیر اعلیٰ کا بیان آیا سامنے

گجرات کے نائب وزیر اعلیٰ نتن بھائی پٹیل نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ’’کچھ خراب ذہنیت والے یہ سوچتے ہیں کہ ہمارے مذہب کے سوا دنیا میں کوئی مذہب نہیں رہنا چاہیے، ایسا چلنے والا نہیں۔‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

بی جے پی حکمراں ریاستوں اتر پردیش اور مدھیہ پردیش کے بعد اب گجرات بھی لو جہاد قانون اسمبلی سے پاس کرانے کی تیاری میں ہے۔ اس سلسلے میں گجرات کے نائب وزیر اعلیٰ نتن بھائی پٹیل کا ایک بیان سامنے آیا ہے جس سے ظاہر ہو رہا ہے کہ فروری میں شروع ہونے والے اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں اسے پیش کیا جا سکتا ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ ’’ریاست میں بھی لو جہاد کے خلاف قانون لانے پر غور کیا جا رہا ہے۔ اس قانون کو لانے سے پہلے ہم یو پی اور ایم پی کے قانون کا مطالعہ کر رہے ہیں۔ اس کو بنیاد بنا کر آگے کچھ بھی فیصلہ لیا جائے گا۔‘‘

نتن بھائی پٹیل نے یہ بیان وی ایچ پی دفتر میں منعقد ایک پروگرام کے دوران دیا جو کہ رام مندر تعمیر کے مقصد سے چندہ جمع کرنے کے لیے منعقد کیا گیا تھا۔ گجرات میں بی جے پی کے کئی اراکین اسمبلی لو جہاد کے خلاف قانون لانے کا مطالبہ کر رہے ہیں اور نتن بھائی پٹیل کا بھی کہنا ہے کہ ’’دوسرے مذاہب کے لڑکے ہماری بیٹیوں پر بری نظر ڈالتے ہیں، اس لیے لو جہاد قانون لانے پر غور کرنے کی ضرورت ہے۔‘‘


گجرات کے نائب وزیرا علیٰ نے لو جہاد قانون لانے پر غور کیے جانے کا بیان دینے کے ساتھ ساتھ یہ بھی کہا کہ ’’کچھ خراب ذہنیت والے یہ سوچتے ہیں کہ ہمارے مذہب کے سوا دنیا میں کوئی مذہب نہیں رہنا چاہیے، ایسا چلنے والا نہیں۔ گجرات میں بھی اس قانون کو لانے کے لیے کئی تنظیموں اور معزز شخصیتوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے جس پر غور کیا جا رہا ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔