حکومت نے فضائیہ میں افسروں کے لیے ویپن سسٹم برانچ کو دی منظوری

فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل وی آر چودھری نے ہفتہ کو یہاں 90ویں یوم فضائیہ کے موقع پر اپنے خطاب میں اس تاریخی فیصلے سے آگاہ کیا۔

ایئر چیف مارشل چودھری، تصویر آئی اے این ایس
ایئر چیف مارشل چودھری، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

چنڈی گڑھ: حکومت نے ایک اہم فیصلہ لیتے ہوئے فضائیہ میں افسروں کے لیے ویپن سسٹم برانچ کو منظوری دے دی ہے، آزادی کے بعد پہلی بار فضائیہ میں یہ شاخ تشکیل دی جا رہی ہے۔ فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل وی آر چودھری نے ہفتہ کو یہاں 90ویں یوم فضائیہ کے موقع پر اپنے خطاب میں اس تاریخی فیصلے سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ فضائیہ کو سطح سے سطح پر مار کرنے والے خصوصی میزائلوں، بغیر پائلٹ ایئرکرافٹ اور دیگر ہتھیاروں کے نظام کو برقرار رکھنے کے قابل بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس برانچ کے وجود میں آنے کے بعد فلائٹ ٹریننگ کے اخراجات میں کمی آئے گی اور 3400 کروڑ روپے کی بچت ہوگی۔

اس بار یوم فضائیہ کے موقع پر تقریب کا اہتمام چنڈی گڑھ میں کیا گیا ہے۔ اب تک یہ تقریب دارالحکومت دہلی کے قریب ہندن ایئر فورس اسٹیشن پر منعقد کی جاتی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب ہر سال یوم فضائیہ پر مختلف مقامات پر تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا۔ اس موقع پر فضائیہ کے سربراہ نے فضائیہ کے جوانوں کے لیے نئے جنگی یونیفارم کو بھی لانچ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگنی پتھ اسکیم کے تحت فضائیہ کے جوانوں کی بھرتی کرنا ایک مشکل کام ہے لیکن یہ ہمارے لئے ملک کے نوجوانوں کی طاقت کو ملک کی خدمت میں لگالنے کا موقع بھی ہے۔


وی آر چودھری نے کہا کہ اگنی ویروں کو ہنر مند بنانے کے لیے ٹریننگ میں مناسب تبدیلیاں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگلے دسمبر تک 3000 اگنی ویروں کو فضائیہ میں بھرتی کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بدلتے ہوئے حالات میں اب جنگ کی نوعیت بدل رہی ہے اور اس میں خلائی اور سائبر سیکٹر کو بھی شامل کیا جا رہا ہے۔ اس طرح اب ہمیں ہائبرڈ وارفیئرکے چیلنجوں سے نمٹنے کے قابل ہونا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی صورتحال میں کوئی ایک فوج اپنے بل بوتے پر جنگ نہیں جیت سکتی، اس لیے کامیابی کے لیے افواج کا انضمام ضروری ہے اور اس سمت میں کام جاری ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔