مودی حکومت قانون بنا کر رام مندر کی تعمیر کا آغاز کرے: ادھو ٹھاکرے

ادھو ٹھاکرے نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ کئی سالوں سے متنازعہ زمین کا معاملہ سپریم کورٹ میں زیر غور ہے لیکن اب ملک میں ایک مضبوط حکومت ہے جو مندر کی تعمیر کرائی گی۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

ایودھیا: شیوسینا سربراہ ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ مرکزمیں برسراقتدار بی جے پی کو مکمل اکثریت حاصل ہے اب وقت آگیا ہے کہ حکومت قانون سازی کر کے رام مندر کی تعمیر کرائے جس کی شیوسینا مکمل حمایت کرے گی۔

ادھو ٹھاکرے نے اتوار کو اپنے اہل خانہ اور شیوسینا کے 18 اراکین پارلیمان کے ساتھ ایودھیا کا دورہ کیا جس کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ کئی سالوں سے متنازعہ زمین کا معاملہ سپریم کورٹ میں زیر غور ہے لیکن اب ملک میں ایک مضبوط حکومت ہے جو مندر کی تعمیر کرائی گی۔


انہوں نے کہا کہ ملک کے وزیر اعظم نریندر مودی میں ہمت ہے کہ پارلیمنٹ میں قانون بناکر رام مندر کا راستہ صاف کریں۔ شیوسینا قدم سے قدم ملا کر حکومت کے ساتھ ہے۔ شیوسینا نے ہمیشہ سے ہندوتوا کی آواز اٹھائی ہے اور بی جے پی بھی ہندوتوا کی بات کرتی ہے۔ جس کا نتیجہ ہے کہ 2019 کے لوک سبھا انتخابات میں تاریخی جیت درج کی ہے۔

ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ گذشتہ سال نومبر میں ہم ایودھیا آئے تھے اور یہ وعدہ کیا تھا کہ انتخاب کے بعد ہم آئیں گے اور اس وقت ہم نے کہا تھا کہ پہلے مندر پھر حکومت جس پر آج بھی قائم ہیں کہ قانون بناؤ اور رام مندر بناؤ۔ کل سے لوک سبھا کا اجلاس شروع ہو رہا ہے اس لئے شیوسینا کے اراکین پارلیمنٹ رام للّا کے درشن و آشیرواد لے کر لوک سبھا اجلاس میں شرکت کریں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔