’بیٹیوں کو انصاف دیجیے‘، خاتون پہلوانوں کی حمایت میں منیش سسودیا نے جیل سے لکھی پی ایم مودی کو چٹھی

خط میں لکھا گیا ہے کہ ’’وہ لمحہ تو آپ سب کو یاد ہوگا جب یہ پہلوان میڈل جیت کر ہندوستان آئی تھیں، تو وزیر اعظم جی ان خاتون کھلاڑیوں کے ساتھ تصویر کھنچواتے اور ویڈیو بنواتے نہیں تھکتے تھے۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>پہلوانوں کا احتجاج / قومی آواز / وپن</p></div>

پہلوانوں کا احتجاج / قومی آواز / وپن

user

قومی آوازبیورو

دہلی آبکاری معاملے میں جیل میں بند منیش سسودیا نے ایک بار پھر مرکز کی مودی حکومت پر حملہ کرتے ہوئے ایک خط لکھا ہے۔ اس خط میں انھوں نے جنتر منتر پر دھرنا دے رہے پہلوانوں کی حمایت کی ہے اور مودی حکومت کو کٹہرے میں کھڑا کیا ہے۔ دہلی حکومت میں وزیر آتشی نے ٹوئٹ کر منیش سسودیا کی اس چٹھی کو شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’جیل سے منیش سسودیا لکھتے ہیں... وزیر اعظم جی آپ اپنے مخالفین کو جیل بھیجیے، پھانسی پر لٹکا دیجیے، لیکن ہندوستان کا وقار بڑھانے والی بیٹیوں کو انصاف دیجیے، ورنہ اس ملک کی کوئی بھی بیٹی اپنی آواز اٹھانے کی ہمت نہیں کرے گی۔‘‘

منیش سسودیا کے ذریعہ ہاتھوں سے لکھی ہوئی جو چٹھی آتشی نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کی ہے، اس میں لکھا گیا ہے کہ ’’جنتر منتر پر خاتون پہلوانوں کی چل رہی مخالفت کے بارے میں اخبارات میں مجھے پریشان کرنے والی خبریں ملیں۔ انھوں نے بی جے پی کے ایک زورآور رکن پارلیمنٹ پر جنسی استحصال کا الزام لگایا ہے۔ بی جے پی نے، مرکزی حکومت نے، یہاں تک کہ وزیر اعظم جی نے بھی اس معاملے سے اس طرح منھ موڑ رکھا ہے مانو یہ پاکستان سے آئی ہیں۔ عزت مآب سپریم کورٹ نے اس معاملے کا نوٹس لیا تب جا کر ایف آئی آر ہوئی۔‘‘


اس خط میں آگے لکھا گیا ہے کہ ’’وہ لمحہ تو آپ سب کو یاد ہوگا جب یہ پہلوان میڈل جیت کر ہندوستان آئی تھیں، تو وزیر اعظم جی ان خاتون کھلاڑیوں کے ساتھ تصویر کھنچواتے اور ویڈیو بنواتے نہیں تھکتے تھے۔ یہاں تک کہ میڈل جیتنے پر جب ان کھلاڑیوں کو فون کیا جاتا تھا تو اس کی بھی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر پوسٹ کی جاتی تھی۔ ویڈیو میں ہنستے کھلکھلاتے وزیر اعظم جی انہی بیٹیوں کو آپ نے کنبہ کا رکن بتایا کرتے تھے اور آج اتنے دن سے یہ ہونہار لڑکیاں اپنی پریکٹس اور گھر بار چھوڑ کر، دھوپ اور بارش میں تحریک چلا رہی ہیں تو انھوں نے اب تک کوئی نوٹس تک نہیں لیا ہے۔‘‘

خط میں یہ بھی لکھا گیا ہے کہ ’’وزیر اعظم جی! آپ نے تو کہا تھا کہ بیٹیاں ملک کا وقار ہوتی ہیں۔ پھر ان بیٹیوں نے تو سچ میں ملک کا وقار بلند کیا ہے۔ ان باصلاحیت بیٹیوں کی وجہ سے بیرون ملکی زمین پر ہمارا ترنگا سب سے اوپر لہرایا ہے۔ ان کی وجہ سے بیرون ملکی سرزمیں پر ہمارا قومی ترانہ گونجا ہے۔ جو بیٹی میڈل جیتنے پر ہندوستان کا وقار بڑھاتے ہوئے اتنی جذباتی ہوئیں کہ اس کی آنکھوں سے آنسو نکل آئے، وہ آج جب جنتر منتر پر انصاف کے لیے آنسو بہا رہی ہیں تو ایک ہندوستانی ہونے کے ناطے میرا خون کھول اٹھتا ہے۔‘‘


منیش سسودیا نے خط کے آخری پیراگراف میں لکھا ہے ’’وزیر اعظم جی! ہم آپ کے سیاسی مخالف ہیں، آپ نے ہمارے کام روکنے کے لیے آٹھ سال تک آئین کا گلا گھونٹا۔ اپنی ساری ایجنسیوں کو لگا کر جھوٹے الزامات میں جیل بھیجا۔ آپ اپنے سیاسی مخالفین کو جیل بھیجیے، پھانسی لگوا دیجیے، ممکن ہے یہ آپ کی سیاست کا طریقہ اور سطح ہو، لیکن ہندوستان کا وقار بڑھانے والی ان بیٹیوں کو انصاف دیجیے، نہیں تو کوئی بھی باصلاحیت بیٹی پھر اس ملک میں کسی طاقتور شخص کے خلاف آواز اٹھانے کی ہمت نہیں کر سکے گی۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */