کورونا ویکسین کو لے کر وزیر اعلیٰ گہلوت نے مودی حکومت سے کی خصوصی اپیل

راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے منگل کے روز مرکز کی مودی حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ ویکسین دستیاب کرائیں تاکہ کورونا وائرس کی دوسری لہر پر قابو پایا جا سکے۔

اشوک گہلوت، تصویر آئی اے این ایس
اشوک گہلوت، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

ہندوستان میں ایک بار پھر کورونا انفیکشن کے معاملے تیزی سے بڑھتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ فکر انگیز حالات کو دیکھتے ہوئے راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے منگل کے روز مرکز کی مودی حکومت سے خصوصی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ زیادہ سے زیادہ ویکسین دستیاب کرائے جائیں تاکہ کورونا وائرس کی دوسری لہر پر قابو پایا جا سکے۔ ساتھ ہی انھوں نے ٹیکہ کاری کو لے کر طے کی گئی عمر کی حد کو ہٹانے کی بھی گزارش کی ہے۔

اس سلسلے میں گہلوت نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’جیسا کہ کووڈ-19 معاملے ہندوستان میں بڑھ رہے ہیں، اسے دیکھتے ہوئے حکومت کو ٹیکہ کاری پر توجہ دینی چاہیے۔ کووڈ-19 کو قابو کرنے کے لیے زیادہ سے زیادہ ٹیکہ کاری کر کے ہی لوگوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکتا ہے۔ لہٰذا عمر کی حد کے پیمانے کو ہٹا دینا چاہیے اور کووڈ ویکسین سبھی کے لیے دستیاب ہونی چاہیے۔‘‘


اشوک گہلوت نے مزید کہا کہ ’’بنگلورو کی ڈاکٹر دیوی شیٹی کا مشورہ ہے کہ 45-24 سال سے کم عمر والے گروپ کے لوگوں کی بھی ٹیکہ کاری کی جانی چاہیے جو پیشہ ورانہ اسباب سے کافی مدت تک گھر سے باہر رہتے ہیں اور ایسے میں بیماری کے بڑے ذریعہ بن سکتے ہیں۔ ہندوستان کے پاس ویکسین پروڈکشن کی بڑی صلاحیت ہے اور اس کا پوری طرح استعمال کیا جانا چاہیے۔‘‘

وزیر اعلیٰ نے حکومت سے ٹیکہ کاری میں تیزی لانے کی بھی اپیل کی اور کہا کہ ’’میں حکومت سے اپیل کرتا ہوں کہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں ٹیکے دستیاب کرائے جائیں تاکہ کووڈ کی دوسری لہر سے بچا جا سکے، کیونکہ مزید ایک لاک ڈاؤن عوام کے ذریعہ معاش کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔