گاندھی جینتی: وزیراعظم، صدر، سونیا، راہل سمیت اہم شخصیات نے بابائے قوم کو یاد دیا

گاندھی جینتی ے موقع پر صدر رام ناتھ کووند، وزیر اعظم نریندر مودی، کانگریس کی صدر سونیا گاندھی اور سابق صدر راہل گاندھی نے بابائے قوم کو یاد کر کے انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: عدم تشدد کے پجاری اور ہندوستان کے بابائے قوم موہن داس کرم چند گاندھی 2 اکتوبر 1869 کو گجرات کے پوربندر میں پیدا ہوئے تھے اور آج ان کی 151 ویں یوم پیدائش ہے۔ اس موقع پر صدر رام ناتھ کووند، وزیر اعظم نریندر مودی، کانگریس کی صدر سونیا گاندھی اور سابق صدر راہل گاندھی نے بابائے قوم کو یاد کر کے انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

صدر کووند نے ٹویٹ کیا’’گاندھی جینتی کے دن ممنون ملک کی جانب سے بابائے قوم مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔‘‘ ان کی سچائی ، عدم تشدد اور محبت کا پیغام معاشرے میں ہم آہنگی پیدا کرکے پوری دنیا کی فلاح و بہبود کا سرچشمہ بنے ہوئے ہیں۔‘‘

انہوں نے مزید کہا ’’آئیے ہم سب ایک بار پھر گاندھی جینتی کے موقع پر یہ عہد کریں کہ ہم ہمیشہ حق اور عدم تشدد کے راستے پر چلتے ہوئے ملک کی فلاح و بہبود اور ترقی ، ایک صاف ستھرا ، خوشحال ، مضبوط اور ایک جامع ہندوستان بنا کر ہم گاندھی جی کے خوابوں کی تعبیر دیں گے۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کے روز بابائے قوم مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کے نظریہ ہندوستان کو خوشحال اور مہربان بنانے میں ہماری رہنمائی کرتے رہیں گے۔

مودی آج صبح گاندھی جی کی سمادھی راج گھاٹ گئے اور ان کی سمادھی پر گلہائے عقیدت پیش کئے۔ اس سے قبل انہوں نے بابائے قوم کو یاد کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا’’گاندھی جینتی پر ہم پیارے باپو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ ان کی زندگی اور عظیم خیالات سے بہت کچھ سیکھنا باقی ہے۔ باپو کے نظریات خوشحال اور مہربان ہندوستان بنانے میں ہماری رہنمائی کرتے رہیں گے‘‘۔

ادھر سونیا گاندھی نے گاندھی جینتی پر مہاتما گاندھی کو یاد کرتے ہوئے کسانوں کی تحریک کی حمایت کی ہے۔ انہوں نے کہا، ’’آج کسانوں، مزدروں اور محنت کشوں کے سب سے بڑے ہمدرد، مہاتما گاندھی جی کی جینتی ہے۔ گاندھی جی کہتے تھے کہ ہندوستان کی روح ہندوستان کے گاؤں، کھیت اور کھلیان میں بستی ہے۔‘‘

راہل گاندھی نے مہاتما گاندھی کو یاد کیا

کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے جمعہ کے روز بابائے قوم مہاتما گاندھی کو ان کے یوم پیدائش کے موقع پر یاد کرتے ہوئے باپو کے الفاظ کا سہارا لیتے ہوئے نریندر مودی حکومت پر حملہ کیا اور کہا’’میں دنیا میں کسی سے نہیں ڈروں گا ‘‘۔

گاندھی جینتی کے موقع پر وائناڈ کے رکن پارلیمنٹ نے مہاتما گاندھی کے الفاظ ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا ’’میں دنیا میں کسی سے نہیں ڈروں گا ... میں کسی کی ناانصافی کے سامنے نہیں جھکوں گا ، میں جھوٹ کو سچائی سے جیتوں گا اور جھوٹ کی مخالفت کرتے ہوئے میں تمام مصائب کو برداشت کرسکوں ‘‘۔ ’’گاندھی جینتی کی مبارکباد‘‘۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔