گجرات کے سابق وزیر اعلیٰ کیشو بھائی پٹیل کا انتقال

کیشو بھائی پٹیل کو آج صبح سانس لینے میں دقت ہونے پر اسپتال لے جایا گیا، جہاں ان کا انتقال ہوگیا۔ کچھ وقت پہلے وہ کورونا سے متاثر ہوئے تھے، تاہم وہ شفایاب ہو گئے تھے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

احمدآباد / نئی دہلی: گجرات کے سابق وزیراعلی کیشو بھائی پٹیل کا آج یہاں انتقال ہوگیا۔ وہ 92 برس کے تھے۔ آج صبح سانس لینے میں دقت ہونے پر انہیں اسپتال لے جایا گیا، جہاں ان کا انتقال ہو گیا۔ کچھ وقت پہلے وہ کورونا سے متاثر ہو گئے تھے لیکن وہ ٹھیک ہو گئے تھے۔ انہیں 30 ستمبر کو ہی سومناتھ مندر ٹرسٹ کا دوبارہ صدر منتخب کیا گیا تھا۔

وزیراعظم نریندر مودی نے پٹیل کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے اور اپنے تعزیتی پیغام میں انہیں سماج کے ہر طبقے کے لئے کام کرنے والا رہنما بتاتے ہوئے کہا کہ انہوں نے گجرات اور گجراتیوں کے خود مختار بنانے کے لئے قربانی کے جذبے سے کام کیا۔


پی ایم مودی نے کہا کہ پٹیل نے جن سنگھ اور بھارتیہ جنتا پارٹی کو مضبوط کرنے کے لئے گجرات کے ہر کونے کا سفر کیا اور ایمرجنسی کی مخالفت کی۔ کسانوں کے لئے فلاح و بہبود کے مسئلے ان کے دل کے قریب تھے۔ ایک رکن اسمبلی، رکن پارلیمنٹ، وزیر اور وزیراعلی کے طور پر انہوں نے متعدد کسانوں کی فلاح کے قدم اٹھائے۔

انہوں نے متعدد نوجوان کارکنان کو تحریک دی اور سبھی ان کے شفیق برتاؤ کو پسند کرتے تھے۔ ان کا انتقال ایک ناقابل تلافی نقصان ہے اور آج ہم سب بے حد افسردہ ہیں۔ وزیر اعظم نے پٹیل کے بیٹے بھارت پٹیل سے فون پر بات کرکے تعزیت کا اظہار کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔