مہاراشٹر میں کل ہی ہوگا فلور ٹیسٹ، سپریم کورٹ نے سنایا فیصلہ

سپریم کورٹ نے ٹھاکرے کیمپ، ایکناتھ شندے دھڑے اور گورنر کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ سنایا کہ فلور ٹیسٹ جمعرات کے روز ہی کرایا جائے گا

سپریم کورٹ کی تصویر، آئی اے این ایس
سپریم کورٹ کی تصویر، آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: مہاراشٹر میں ادھو ٹھاکرے حکومت کے فلور ٹیسٹ کے حوالہ سے بدھ کے روز سپریم کورٹ میں طویل بحث ہوئی اور تقریباً ساڑھے تین گھنٹے تک سماعت جاری رہی۔ ٹھاکرے کیمپ، ایکناتھ شندے دھڑے اور گورنر کے دلائل سننے کے بعد سپریم کورٹ نے فیصلہ دیا کہ فلور ٹیسٹ جمعرات کے روز ہی کرایا جائے گا۔ سپریم کورٹ نے گورنر کے فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے فلور ٹیسٹ پر روک لگانے سے انکار کر دیا تاہم فلور ٹیسٹ کے حوالے سے کچھ شرائط عائد کر دیں۔ ممبئی میں کل اکثریتی امتحان کے حوالہ سے دفعہ 144 بھی نافذ کر دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ سیکورٹی کے بے مثال انتظامات کئے گئے ہیں۔

اس سے قبل، ٹھاکرے کیمپ نے سپریم کورٹ میں عرضی دائر کرتے ہوئے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری کے 30 جون کو فلور ٹیسٹ کرانے کے حکم کو چیلنج کیا گیا تھا، جس پر طویل سماعت ہوئی۔ ادھو ٹھاکرے کیمپ کی طرف سے سینئر ایڈوکیٹ ابھیشیک منو سنگھوی پیش ہوئے۔ انہوں نے گورنر کے برق رفتار سے لیے گئے فیصلے پر سوال اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ قانون سازوں کی نااہلی کے فیصلے پر روک کے درمیان فلور ٹیسٹ کروانا درست نہیں ہے۔


انہوں نے گورنر کی نیت پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا، جو لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ گورنر ’مقدس گائے‘ ہے اور اسپیکر سیاسی ہے، وہ غلط فہمی میں ہیں۔ دوسری طرف ایکناتھ شندے دھڑے کی طرف سے پیش ہونے والے وکیل نیرج کشن کول نے کہا کہ نااہلی کے معاملے کو فلور ٹیسٹ سے جوڑ کر نہیں دیکھا جا سکتا۔ گورنر ایسی ہدایات کے لیے وزیر اعلیٰ یا کابینہ سے مشورہ کرنے کا پابند نہیں ہے۔ شندے دھڑے نے یہ بھی کہا کہ اس سے قبل بھی 24 گھنٹے کے اندر فلور ٹیسٹ کا حکم دیا گیا ہے۔ ارکان اسمبلی کی ہارس ٹریڈنگ (خرید و فروخت) کو روکنے کے لیے جلد از جلد فیصلہ لینا ضروری ہے۔

قبل ازیں جمعرات کو فلور ٹیسٹ کے امکان کے پیش نظر شیو سینا کے باغی ایکناتھ شندے دھڑے کے قانون ساز گوہاٹی کے ریڈیسن بلو ہوٹل سے نکل کر گوا کے لئے روانہ ہو گئے۔ گوا سے ممبئی میں واقع اسمبلی پہنچنے میں انہیں زیادہ وقت نہیں لگے گا۔ ادھر ادھو ٹھاکرے حکومت نے فلور ٹیسٹ سے ٹھیک پہلے ایک بڑا فیصلہ لیا ہے۔ 1989 بیچ کے آئی پی ایس وویک پھلنسکر کو ممبئی کا نیا پولیس کمشنر بنایا گیا ہے۔ موجودہ پولیس کمشنر سنجے پانڈے کل ریٹائر ہو رہے ہیں۔ پھلنسکر عہدے کی ذمہ داریاں سنبھال سکتے ہیں۔


دریں اثنا، مہاراشٹر کابینہ کی میٹنگ بھی منعقد ہوئی۔ اس میں تین شہروں اور کچھ ہوائی اڈوں کے نام تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ کابینہ کی میٹنگ میں اورنگ آباد کا نام بدل کر سمبھاجی نگر، عثمان آباد کا نام بدل کر دھارشیو اور نوی ممبئی کا نام بدل کر دی با پاٹل رکھا گیا۔ فلور ٹیسٹ سے قبل ممبئی میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔ بڑے پیمانے پر پولیس فورس اور ریزرو پولیس فورس کو تعینات کیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔