یوپی میں سیلاب سے زبردست تباہی ،یوگی حکومت کے اقدام محض رسم ادائیگی:اکھلیش

اب جبکہ چاروں طرف تباہی مچ گئی ہے تو وزیر اعلی ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کے ساتھ میٹنگ کر کے محض رسم کی ادائیگی کر تے ہوئے خانہ پری کرنے کا کام کررہے ہیں۔

تصویر بشکریہ نیشنل ہیرالڈ
تصویر بشکریہ نیشنل ہیرالڈ
user

یو این آئی

سماج وادی پارٹی(ایس پی) سربراہ اکھلیش یادو نے کہا ہے کہ اترپردیش میں سیلاب کی تباہی کے باجود ریاست کے وزیر اعلی افسران کے ساتھ میٹنگ کر کے محض رسم کی ادائیگی کررہے ہیں۔

مسٹر یادو نے کل یہاں جاری بیان میں کہا کہ اترپردیش میں سیلاب سے حالات نہات سنگین ہیں۔ کئی اضلاع میں ندیوں میں طغیانی سے گاؤں ڈوب گئے ہیں۔ فصلیں برباد ہوگئی ہیں۔ اس سے پہلے کسان،ژالہ باری کا شکار ہوچکا ہے۔ اسے اپنی تباہ فصلوں کا ابھی تک معاوضہ نہیں ملا ہے۔ مویشوں کی شکل میں کسانوں نے الگ نقصان برداشت کیا ہے۔اب جبکہ چاروں طرف تباہی مچ گئی ہے تو وزیر اعلی ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کے ساتھ میٹنگ کر کے محض رسم کی ادائیگی کر تے ہوئے خانہ پری کرنے کا کام کررہے ہیں۔


انہوں نے کہا کہ ریاست میں سیلاب کی وجہ سے ہزاروں ہیکٹر زمین میں لگی کروڑوں کی فصل برباد ہوگئی ہے۔ درجنوں اموات ہوچکی ہیں۔سیلاب متاثرین سڑک کنارے پناہ لینے کو مجبور ہیں۔ ان کی کوئی خبر لینے والا نہیں ہے۔حکومت کی جانب سے امداد کے نام پر کوئی راحت نہیں مل رہی ہے۔ نہ مٹی کا تیل اور نہ ہی کھانے پینے کی اشیاء۔نہ ہی دوائیں میسر ہیں اور نہ ہی سر چھپانے کو ترپال۔

مسٹر یادو نے کہا کہ پانی کے بھرنے اور ٹھہراؤ سے بیماریوں کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔ اس سب سے حکومت لاپرواہ ہے ۔ بی جے پی کا ایجنڈہ متاثرین سے دور ہی دور رہتا ہے۔ گاؤں کی بدحالی میں بھی بی جے پی حکومت اپنا سیاسی مفاد کی حصولیابی میں بالکل بھی نہیں چوک رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔