وزیر اعلظم مودی نے کیا ’فِٹ انڈیا‘ مہم کا آغاز

پی ایم مودی نے قومی یومِ کھیل کے موقع پر کہا کہ مصروف زندگی کی وجہ سے کئی طرح کی بیماریاں بڑھ رہی ہیں۔ روز مرہ کی زندگی میں مثبت تبدیلی لاکر ان سے بچا جا سکتا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: وزیراعظم نریندر مودی نے جمعرات کوعوام کو اپنے روز مرہ کی زندگی میں جسمانی سرگرمیوں اور کھیلوں کو شامل کرنے کی حوصلہ افزائی کرنے کے مقصد سے’فٹ انڈیا‘ مہم کا آغاز کیا۔ پی ایم مودی نے اندرا گاندھی انڈور اسٹیڈیم میں اس مہم کا آغاز کرتے ہوئے کہا، ’کھیلوں کا تعلق بالواسطہ طور پر اچھی صحت (فٹنس) سے ہے لیکن شروع کی گئی ’فٹ انڈیا مہم‘ کی توسیع کھیلوں سے علیحدہ کیا گیا ہے۔ فٹنس صرف لفظ نہیں ہے بلکہ یہ ایک صحت مند اور خوشحال زندگی کی ضرورت ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ مہم کا ہدف ملک کے عوام کو اپنی مصروف زندگی میں اصلاحات لا کر مثبت تبدیلی لانے کے لیے ترغیب دینا ہے۔ مودی نے قومی یومِ کھیل کے موقع پر اندراگاندھی انڈور اسٹیڈیم میں منعقد پروگرام میں کہا، ’مصروف زندگی کی وجہ سے کئی طرح کی بیماریاں بڑھ رہی ہیں۔ روز مرہ کی زندگی میں مثبت تبدیلی لاکر ان سے بچا جا سکتا ہے۔ زندگی میں تھوڑی بہت تبدیلی لاکر بھی کئی بیماریوں کو دور کیا جا سکتا ہے۔ ملک کے عوام کو ان تبدیلیوں کے لیے ’فٹ انڈیا‘ ترغیبی مہم ہے۔


انہوں نے کہا، ’گزشتہ کچھ دہائیوں تک ایک عام آدمی ہر دن آٹھ سے 10 کلومیٹر پیدل چلا کرتا تھا۔ پھر دھیرے دھیرے تکنیکی تبدیلی آئی اور جدید سہولتیں آ گئیں، لوگوں کی چلنے کی عادت ختم ہوتی گئی۔ اب صورتحال کیا ہے؟ جس تکنیک نے ہمیں کم چلنے کی عادت ڈال دی، وہی بتاتی ہے کہ آپ کتنے قدم چلے ہیں، ابھی تک پانچ ہزار قدم پورے نہیں ہوئے ہیں، دو ہزار قدم ابھی پورے نہیں ہوئے ہیں، ابھی مزید چلیں‘۔

انہوں نےمیجر دھیان چند کو یاد کرتے ہوئے کہا، ’قومی یومِ کھیل کے موقع پر تمام کو میری مبارکباد۔ اسی دن ہندوستان کو دھیان چند جیسا کھیل کا ایک ستارہ ملا جس نے دنیا کو اپنی کھیل سے حیرت میں ڈال دیا‘۔ وزیر اعظم نے کہا، ’آج ہمارے نوجوان کھلاڑیوں کو مبارکباد دینے کا بھی دن ہے جو عالمی اسٹیج پر شان مسلسل بڑھا رہے ہیں۔ بیڈ منٹن، ٹینس، ایتھلیٹکس، باکسنگ یا کشتی ہو، ہر میدان میں ہمارے کھلاڑی ہماری امیدوں کو حقیقت میں بدل رہے ہیں۔ وہ جو میڈل جیتتے ہیں، جو ان کی محنت کا نتائج ہوتے ہیں۔ یہ نئے ہندوستان کے نئے جنون اور نئے یقین کو بھی ظاہر کرتا ہے‘۔


وزیر اعظم نے کہا کہ ’فٹ انڈیا‘ مہم ایک سرکاری مہم نہیں ہے۔ انہوں نے کہا، ’فٹنس مشن حکومت کی مہم نہیں ہے۔ سرکار کا محض ایک مقصد تحریک دینے کا کام کرنا ہے۔ حکومت نے فٹ انڈیا مہم کی شروعات کی ہے لیکن آپ سبھی کو اس کی قیادت کرنی ہے۔ ملک کے عوام اس مہم کو آگے لے جائیں گے اور کامیابی کی چوٹی تک پہنچائیں گے۔ میں اپنے ذاتی تجربے سے کہہ سکتا ہوں کہ اس میں کچھ بھی سرمایہ کاری نہیں کرنی پڑتی لیکن اس کے بدلے میں بہت کچھ ملتا ہے‘۔

اس دوران کھیل کے مرکزی وزیر کرن ریجوجو نے کہا،’ یہ پہلا موقع ہے جب ہر کسی کی حصہ داری کے ساتھ ایک فٹنس مہم کی شروعات کی جا رہی ہے‘۔ اس درمیان یونیورسٹی گرانٹ کمیشن (یو جی سی) نے’فٹ انڈیا‘ مومنٹ کی تیاری کے لیے یونیورسٹیوں کو اطلاع کرنے کے لیے ایک خط بھی جاری کیا ہے۔


فٹ انڈیا مہم پر حکومت کو ہدایت دینے کے لیے سرکاری افسران، انڈیا اولمپک ایسوسی ایشن (آئی او اے)، کھیل کی قومی تنظیموں، پرائیویٹ اداروں کے ارکان کو ملا کر 28 رکنی ایک کمیٹی بنائی گئی ہے جس کی صدارت وزیرِ کھیل کریں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔