ڈاکٹروں کے کورونا پازیٹو ہونے کی جھوٹی خبر پھیلانے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج

محکمہ صحت نے آئی ٹی سیل اور سائبر کرائم کو ہدایت دی ہوئی ہے کہ سوشل میڈیا پر کورونا وائرس کو لے کر غلط فہمی پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

کولکاتا: سوشل میڈیا پر یہ خبرتیزی سے گردش کررہی تھی کہ بیلیا گھاٹا آئی ڈی اسپتال جہاں کورونا سے متاثر افراد کا علاج ہورہا ہے کے ڈاکٹر یوگی راج اور دیگر عملہ کورونا وائرس سے متاثر ہوگئے ہیں۔ یہ خبر مختلف اسپتالوں میں رات دن کا م کررہے ڈاکٹروں، نرسوں اورطبی عملہ کیلئے حوصلہ شکن تھا مگر تھوڑی دیر بعد ہی حقیقت سامنے آئی کہ یہ پوری خبر غلط ہے اور بلیاگھاٹا کے تمام ڈاکٹرس محفوظ ہیں اور کوئی بھی عملہ کورونا وائرس سے متاثر نہیں ہے۔

وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے سوشل میڈیا کے ذریعہ پھیلائی جارہی اس طرح کی خبروں پر سخت رد عمل کرتے ہوئے ایف آئی آر درج کردیا گیا ہے اور سائبر سیل کو ہدایت دی گئی ہے کہ سوشل میڈیا پر جھوٹی خبریں پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کریں۔ محکمہ صحت نے آئی ٹی سیل اور سائبر کرائم کو ہدایت دی ہے کہ سوشل میڈیا پر کورونا وائرس کو لے کر غلط فہمی پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔


اس سے قبل بھی کولکاتا پولس نے شہریوں سے اپیل کی تھی کہ کورونا وائرس بہت ہی بھیانک معاملہ ہے اس لئے اس سے متعلق کوئی بھی پوسٹ وائرل کرنے سے قبل غور کریں اور ایسی کوئی بھی پوسٹ اور ویڈیو ایک دوسرے کو نہ بھیجیں جس کی آپ کو تصدیق نہ ہو۔محکمہ صحت نے کہا کہ اس طرح کے پوسٹ اور خبروں سے رات دن کام کررہے ڈاکٹرس، نرس، اور طبی عملہ کا حوصلہ ٹوٹ جائے گا۔یہ لوگ ہمارے ہیروں ہیں اور رات دن کام کررہے ہیں ۰کل ہی وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے کہا تھا کہ ڈاکٹروں، نرسوں اور طبی عملہ کے ساتھ کسی بھی قسم کی بدتمیزی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔وزیرا علیٰ نے اس خبر پر سخت ناراضگی ظاہر کی تھی کہ کلکتہ میں کچھ علاقوں میں کورونا پھیلنے کے خوف سے مکان مالکان کرایہ دار ڈاکٹروں سے مکان خالی کرنے کو کہا ہے۔

فیس بک، واٹس اپ اور سوشل میڈیا پر کورونا سے بچنے کیلئے کئی قسم کی غیر تصدیق شدہ مواد پوسٹ کئے جارہے ہیں اس کی وجہ سے نقصانات ہونے کا خدشہ ہے۔کئی پوسٹوں میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ فلاں دوا کھانے سے کورونا سے بالکل محفوظ ہوسکتے ہیں۔کچھ طریقے اور تدبیریں بھی بتائے جارہے ہیں مگرکسی بھی تدبیر اور نسخے کی ڈاکٹروں نے تائید نہیں کی ہے۔


بیلیا گھاٹا کے ڈاکٹروں کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی خبر سے کلکتہ کے عوام حیران و پریشان ہوگئے تھے۔اس وقت کورونا وائرس سے متاثر 8مریضوں کا یہاں علاج چل رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔