کسان تحریک: کسانوں کا مسئلہ صرف بات چیت کے ذریعہ حل ہو سکتا ہے...شاہنواز حسین

شاہراہ پر ٹریکٹر مارچ نکالتے کسان / تصویر قومی آواز / وپن
شاہراہ پر ٹریکٹر مارچ نکالتے کسان / تصویر قومی آواز / وپن
user

قومی آوازبیورو

23 Jan 2021, 11:04 PM

کسانوں کا معاملہ صرف بات چیت کے ذریعے حل ہوگا: شاہنواز حسین

اجمیر: بھارتیہ جنتا پارٹی کے قومی ترجمان شاہنواز حسین نے کہا ہے کہ کسانوں کا مسئلہ بات چیت کے ذریعے حل کیا جائے گا۔ وزیر اعظم نریندر مودی کے دل میں کسانوں کے لئے بہت احترام ہے۔ امید کی جارہی ہے کہ کسان تحریک جلد ہی ختم ہوجائے گی۔ شاہ نواز حسین آج شام راجستھان کے اجمیر میں خواجہ معین الدین چشتی رحمۃ اللہ علیہ کے مزار پر حاضری دی۔ بہار میں ایم ایل سی بننے کے بعد وہ نئی ذمہ داری ملنے پر غریب نواز کا شکریہ ادا کرنے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے سب کچھ اجمیر درگاہ سے ملا ہے اور اب میں بہار کو ترقی دینے اور اسے ملک کی پہلی نمبر کی ریاست بنانے کی کوشش کروں گا۔

23 Jan 2021, 10:04 PM

دہلی پولس نے ’ٹریکٹر ریلی‘ پر فی الحال کوئی بھی فیصلہ لیے جانے سے کیا انکار

کسانوں کی ٹریکٹر ریلی کو لے کر ایک نیا شوشہ سامنے آ گیا ہے۔ دہلی پولس کا ایک بیان سامنے آیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کسانوں نے ریلی کا کوئی راستہ تحریری شکل میں نہیں بتایا ہے۔ پولس نے کہا کہ مظاہرین کسان جب 26 جنوری کو مجوزہ ٹریکٹر ریلی کے راستے کے بارے میں ہمیں تحریری شکل میں دیں گے، تب ہم اس کا تجزیہ کریں گے اور کوئی فیصلہ لیں گے۔

23 Jan 2021, 8:58 PM

زرعی قوانین کسانوں پر ’نوٹ بندی‘ جیسا حملہ: راہل گاندھی

کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ مرکزی حکومت کے ذریعہ لائے گئے زرعی قوانین کسانوں پر نوٹ بندی جیسا حملہ ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ’’میں خوش ہوں کہ کسانوں نے دہلی کے دروازے پر بیٹھ کر وزیر اعظم مودی کو ان قوانین کو نافذ کرنے سے روک دیا ہے۔‘‘ راہل گاندھی نے تریپور میں عوام سے خطاب کرتے ہوئے یہ باتیں کہیں۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ وزیر اعظم کو غریبوں کی طاقت کا اندازہ نہیں ہے، اور ہمارا کام ہے کہ انھیں غریبوں، مزدوروں اور کسانوں کی طاقت کا احساس کرائیں۔


23 Jan 2021, 7:56 PM

دہلی پولس نے دہلی میں ’ٹریکٹر ریلی‘ نکالنے کی اجازت دی: یوگیندر یادو

کسان تحریک کو آج اس وقت بڑی کامیابی مل گئی جب دہلی پولس نے کسانوں کو دہلی کے اندر ’ٹریکٹر ریلی‘ نکالنے کی اجازت دے دی۔ اس سلسلے میں یوگیندر یادو نے میڈیا میں جانکاری دی اور کہا کہ دہلی پولس کے ساتھ میٹنگ میں چیزیں واضح ہو گئی ہیں اور ٹریکٹر ریلی نکالنے میں کوئی دشواری نہیں ہوگی۔ انھوں نے کہا کہ ’’پانچ دور کی گفتگو کے بعد سب کچھ طے ہو گیا ہے۔ سارے بیریکیڈ کھلیں گے، ہم دہلی کے اندر جائیں گے اور مارچ کریں گے۔ راستے کے بارے میں بھی موٹے طور پر اتفاق قائم ہو گیا ہے۔‘‘

23 Jan 2021, 7:09 PM

اگر ’ٹریکٹر پریڈ‘ کو روکا گیا تو کسان پیدل ہی دہلی مارچ کر دیں گے!

دہلی کی سرحد پر جمع کسان مظاہرین ’ٹریکٹر پریڈ‘ نکالنے کے لیے پرعزم ہیں اور سبھی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ کسان لیڈروں کا کہنا ہے کہ حکومت اگر ٹریکٹر کو روکے گی تو کسان پیدل ہی دہلی سے مارچ کریں گے، اور اس سلسلے میں بھی منصوبہ بندی ہو گئی ہے۔ کسان سنیوکت مورچہ سے منسلک یوگیندر یادو کا کہنا ہے کہ ٹریکٹر پریڈ ضرور ہوگی اور اس کے لیے آخری مرحلے کی تیاریاں چل رہی ہیں۔


23 Jan 2021, 5:38 PM

اب 75 سالہ کسان نے سنگھو بارڈر پر کی خودکشی

سنگھو بارڈر پر زرعی قوانین کے خلاف مظاہرہ اپنے عروج پر ہے۔ ہزاروں کی تعداد میں کسان وہاں جمع ہیں اور مودی حکومت کے خلاف آواز بلند کر رہے ہیں۔ اس درمیان ایک کسان کے ذریعہ خودکشی کی اندوہناک خبر سامنے آ رہی ہے۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق امرتسر کے رہنے والے 75 سالہ کسان رتن سنگھ نے سنگھو بارڈر پر خودکشی کر لی۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ پنجاب کے کسان مزدور سنگھرش کمیٹی کے رکن تھے اور گزشتہ کئی دنوں سے سنگھو بارڈر پر زرعی قوانین کی واپسی کا مطالبہ کرتے ہوئے مظاہرہ کر رہے تھے۔ ان کی موت کی خبر پھیلنے کے بعد کسان مظاہرین میں غم و اندوہ کی لہر دور گئی ہے۔

23 Jan 2021, 2:25 PM

اتراکھنڈ میں مارچ نکال رہے کسانوں اور پولیس میں جھڑپ

اتراکھنڈ میں زرعی قوانین کے خلاف احتجاج کر رہے کسانوں اور پولیس کے درمیان جھڑپ کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ کسانوں نے راجدھانی دہرادون میں واقع راج بھون تک مارچ نکالنے کی کوشش لیکن پولیس نے انہیں آگے بڑھنے سے روک دیا۔ یہ واقعہ لچھی والا میں ہردرادون روڈ پر پیش آیا۔


23 Jan 2021, 12:34 PM

ایک اور کسان کی جان جانے پر سرجے والا نے مودی حکومت پر کیا حملہ

کانگریس کے سینئر لیڈر سرجے والا نے کہا، ’’مودی حکومت نے ایک اور قربانی لے لی۔ کسان سنگھرش سمیتی کے کنوینر اور معمر کسان لیڈر 88 سالہ کمل سنگھ مانڈھی نے آج صبح قربانی دے دی۔ 40 سال سے انہوں نے لگاتار کسانوں کی لڑائی لڑی۔ کتنی اور جانیں لیں گے مودی-کھٹر-دشینت؟‘‘

23 Jan 2021, 11:11 AM

دم توڑنے والے کسانوں کے کنبے کے ایک رکن کو سرکاری نوکری، امریندر سنگھ

پنجاب کے وزیر اعلیٰ کیپٹن امریندر سنگھ نے بڑا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسان تحریک کے دوران جتنے بھی کسانوں نے دم توڑا ہے اس کے کنبوں کے ایک ایک رکن کو پنجاب حکومت سرکاری ملازمت فراہم کرے گی۔


23 Jan 2021, 10:13 AM

حکومت اور کسانوں کی بات چیت کا سلسلہ ختم، ٹریکٹر مارچ کی تیاریاں جاری

زرعی قوانین کے خلاف جاری کسان تحریک آج 59 ویں دن میں داخل ہو گئی۔ دہلی کی سرحدوں پر سراپا احتجاج کسان کسی بھی طرح اپنی تحریک واپس لینے کو تیار نہیں ہیں۔ گزشتہ روز وگیان بھون میں کسانوں اور حکومت کے مابین 11ویں دور کی بات چیت بھی بے نتیجہ رہی۔ حکومت نے قوانین کو ڈیڑھ سال تک ملتوی کرنے کی تجویز پیش کی تھی، جسے کسانوں نے نامنطور کر دیا۔ اس کے بعد حکومت نے بات چیت کا سلسلہ بھی ختم کر دیا۔ کسان اب قوانین واپسی کے مطالبہ کے ساتھ 26 جنوری کو ٹریکٹر مارچ نکالنے کی تیاری کر رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔