بجٹ میں مہنگائی پر کنٹرول کے لئے کوئی مؤثر تدبیر نہ کرنا مایوس کن: ڈاکٹر انصاری

ڈاکٹر عبدالرشید انصاری نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل سیلاب کی طرح اضافہ ہونے سے مہنگائی اپنے عروج پر پہنچ چکی ہے۔

اتر پردیش بجٹ / یو این آئی
اتر پردیش بجٹ / یو این آئی
user

یو این آئی

ملک میں ایک جانب جہاں عام عوام پٹرول ڈیزل و پکوان گیس کی قیمتوں میں اضافے کے سبب مزید مہنگائی کی مار جھیل رہا ہے، وہیں اترپردیش حکومت نے بجٹ میں مہنگائی پر کنٹرول کرنے کی کوئی تدبیر نہ کرکے عام عوام کو مایوس کیا ہے۔ پیس پارٹی کے قومی نائب صدر ڈاکٹر عبدالرشید انصاری نے بجٹ پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے مذکورہ تاثرات کا اظہار کیا۔

ڈاکٹر عبدالرشید انصاری نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل سیلاب کی طرح اضافہ ہونے سے مہنگائی اپنے عروج پر پہنچ چکی ہے۔ حالات یہ ہے کہ کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتوں میں اضافے سے یومیہ سو دو سو روپیہ کمانے والا شخص کیسے گزر بسر کرے، اس کے سامنے آج ایک اہم مسئلہ ہے۔ سبزیوں کی قیمتوں میں اضافے نے تو عام عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ اترپردیش حکومت نے بجٹ میں ایسی کوئی تدبیر نہیں کی ہے کہ جس سے مہنگائی پر کنٹرول کیا جا سکے۔ حکومت نے انتخابی بجٹ پیش کر عوام کو گمراہ کرنے کا کام کیا ہے۔


بجٹ میں اقلیتوں، کسانوں، نوجوانوں و خواتین کے لئے کوئی نظم نہیں ہے، یہ صوبہ کے عوام کے ساتھ ایک دھوکہ ہے۔ بے روزگاری کے اضافے پر کنٹرول کے لئے کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا ہے۔ یہ بجٹ عوام کو مایوس کرنے والا ہے۔ حکومت نے صرف عوام کو ایک خواب ضرور دکھایا ہے، جو کب پورا ہوگا اس کے امکانات نظر نہیں آرہے ہیں۔ حکومت جب تک پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر کنٹرول نہیں کرتی مہنگائی کو روکنا ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مہنگائی پر کنٹرول کے لئے پٹرولیم مصنوعات پر اضافی ٹیکس کو کم کیا جائے جس سے عوام کو راحت مل سکے۔ یہ اطلاع پریس ریلیز کے ذریعہ دی گئی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔